نیازی کی بچھائی بارودی سرنگوں نے معیشت تباہ کر دی، صادق عمرانی

September 24, 2022

کوئٹہ(پ ر)پاکستان پیپلز پارٹی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن صادق عمرانی نے علاقہ عمائدین کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ غیر حقیقی اعدادوشمار اور قوم کے سامنے مسلسل جھوٹ میں سے ایک بات سچ ثابت ہوچکی ہے ۔ بقول نیازی سرکار کہ ہم نے جاتے جاتے ایسی بارودی سرنگیں بچھا دی ہیں جو آنے والے حکمرانوں کے لئے مشکلات پیدا کردیں گی جس کی واضح مثال سلطنت عمرانیہ کے دور حکومت میں لئے گئے غیر ملکی قرضے ہیں۔ 2018 میں قومی معیشت پر قرضوں کا حجم 28ہزار ارب روپے تھا جو گزشتہ حکومت میں بڑھ کر 50ہزار ارب سے تجازار کرگیا ہے، اب بیرونی ادائیگیوں کے لئے ڈالر کا بندوبست حکومت کے لئے سب سے بڑا چیلنج بنا ہوا ہے۔ کساد بازاری، شرح نمو میں کمی، شرح سود میں اضافے کا باعث عوام پر مہنگائی کا اضافی بوجھ پڑا ہے۔ سیلاب کی تباہ کاری اور متاثرین کی پھر سے بحالی ایک الگ کڑا امتحان ہے اس تمام تر مصائب کے باوجود حکومت مسائل کے حل کیلئے کوشاں ہے۔ دوسری جانب معافیاں مانگنے والے اس تسلسل کے ساتھ غلطیاں کرنے والے ایک اور غلطی کرنا چاہتے ہیں کہ اتنی غلطیوں کے بعد بھی اس منفی طرزعمل پر قوم ہمیں معاف کردے گی۔مگر اب ایسا ممکن نہیں، اب عوامی عدالت ہی ان کے حقیقی احتساب کا باعث بنے گی۔ صادق عمرانی نے کہا کہ تباہ حال زرعی شعبے کو پھر سے اپنے پائوں پر کھڑا کرنے کے لئے جنگی بنیادوں پر اقدامات وقت کی اہم ضرورت ہے۔ بلوچستان کی واحد گرین بیلٹ جہاں لوگ پینے کے پانی کو ترستے تھے وہاں سیلاب کے بعد تاحدنظر پانی دکھائی دے رہا ہے، کھڑی فصلیں برباد ہوچکی ہیں۔ لوگ بھوک و افلاس کے ہاتھ گھر بار چھوڑ کر شہروں کا رخ کررہے ہیں۔ شہر جو پہلے ہی آبادی کے اضافی بوجھ کی وجہ سے مسائل کا شکار ہیں اس بڑھتے ہوئے اضافی بوجھ کی وجہ سے شہریوں کو بنیادی سہولتیں گیس پانی و بجلی فراہم کرنے سے قاصر ہیں مزید مصائب و مسائل کا شکار ہوچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بے حسی کی انتہا ہے کہ صوبے کے لوگ سیلاب کی تباہ کاریوں کا شکار ہیں اور صوبے میں وزارتوں کی رسہ کشی جاری ہے جس سے صوبے میں ایک الگ انتشار اور بے یقینی کی فضاء کو تقویت مل رہی ہے۔