لبنان میں شہری زبردستی بینکوں سے رقم نکلوانے لگے

September 25, 2022

ابیروت (نیوز ڈیسک) لبنان میں شہریوں نے جمع شدہ رقم نکلوانے کے لیے بینکوں کو لوٹنا شروع کر دیا۔ میڈیارپورٹس کے مطابق بدترین معاشی صورتحال سے دوچار ملک لبنان کے دارالحکومت بیروت میں بینک پر حملوں کا شروع ہونے والا سلسلہ دیگر شہروں تک پھیل گیا ہے۔ اپنی ہی جمع شدہ رقم بینکوں سے نہ ملنے پر صارفین نے مسلح حملے شروع کردئیے ہیں اور اب تک کئی بینکوں سے زبردستی رقم نکلوا ئی جاچکی ہے۔ یکے بعد دیگرے بینک لوٹنے کی وارداتوں کے باعث 3دن کے لیے بینک بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔چند روز قبل دارالحکومت بیروت کے ایک بینک میں ایک مسلح خاتون نے عملے اور لوگوں کو یرغمال بنا لیاتھا۔خاتون کا کہنا تھا کہ اس کی بہن کو کینسر ہے اور اس کے علاج کے لیے 13ہزار ڈالر چاہییں،تاہم بینکوں کی جانب سے رقم نکالنے کی حد مقرر کیے جانے کے باعث وہ یہ رقم حاصل نہیں کرسکتی۔ واضح رہے لبنان کے بینکوں نے 3سال قبل مالیاتی بحران کی وجہ سے زیادہ تر اکاؤنٹ ہولڈروں کے اکاؤنٹ منجمد کر رکھے ہیں۔