موسمیاتی تبدیلیوں سے پاکستان کو نقصانات کا سامنا ہے ،وزیر زراعت

September 25, 2022

راولپنڈی (خصوصی نمائندہ)وزیر زراعت پنجاب سید حسین جہانیاں گردیزی نے کہا ہے سمارٹ آئی او ٹی فارم سے جدید زرعی ٹیکنالوجی ٹرانسفر میں مدد ملے گی اور ماڈرن ٹیکنالوجی کے استعمال سے زرعی پیداوار میں اضافہ ہو گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر مہر علی شاہ بارانی زرعی یونیورسٹی راولپنڈی میں قائم سمارٹ آئی او ٹی فارم کے افتتاح کے موقع پر کیا۔ اس فارم کے قیام کا مقصد ملکی سطح پر ڈیجیٹل اور پریسین ایگریکلچر کو فروغ دینا ہے تاکہ کاشتکاروں کو فصلوں کی ضروریات سے آگاہی پیدا ہو۔ وزیر زراعت نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے پاکستان کو بہت زیادہ نقصانات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور اس فارم کا قیام اس صورت میں موثر ثابت ہوگا جب جدید زرعی ٹیکنالوجی کو کاشتکاروں تک پہنچایا جا سکے۔ اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹرقمر الزمان،وائس چانسلر جامعہ زرعیہ فیصل آباد ڈاکٹر اقرار احمد خان،چیئر مین پی سی ایس آئی آر ڈاکٹر سید حسین عابدی، ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ایس ڈی پی آئی ڈاکٹر عابد سلہری، پروگریسیو فارمر آفاق احمد ٹوانہ، پروفیسر ڈاکٹر جہانزیب مسعود چیمہ، ڈائریکٹر فارم ڈاکٹر غلام قادر، فیکلٹی ممبران، اسٹوڈنٹس اور کسانوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔