سی آر شمسی جمہوریت اور آزادی صحافت کے علمبردار تھے، مقررین

September 25, 2022

اسلام آباد (خصوصی رپورٹ) سی آر شمسی جمہوریت اور آزادی صحافت کے علمبردار تھے، انہوں نے کبھی اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کیا، وہ کبھی ورکرز کے مسائل کے حل سے پیچھے نہیں ہٹے، وہ ایک انسان دوست اور مزدور دوست شخص تھے، وہ باطل کے سامنے ڈٹ جانے اور حق کیلئے لڑنے والے شخص تھے، وہ ان لوگوں میں سے تھے جن کی موت پر ماتم نہیں بلکہ انہیں خراج تحسین پیش کیا جاتا ہے۔ ان کی تنظیمی خدمات ہم سب کیلئے مشعل راہ ہیں، ان کے افکار اور نظریات پر چل کر منزل مقصود پر پہنچا جا سکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار مقررین نے ہر دلعزیز شخصیت سابق سیکرٹری جنرل پی ایف یو جے سینئر صحافی سی آر شمسی کی پہلی برسی کے حوالے سے راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس کے زیراہتمام نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں منعقدہ تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تعزیتی ریفرنس میں پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کے سیکرٹری جنرل فرحت اللہ بابر، پی ایف یو جے کے صدر افضل بٹ، آرآئی یو جے کے صدرعابد عباسی، جنرل سیکرٹری طارق علی ورک، نیشنل پریس کلب کے صدر انور رضا، سابق سیکرٹری پی ایف یو جے فوزیہ شاہد، سابق صدر آر آئی یو جے عامر سجاد سید کے علاوہ سی آر شمسی کے صاحبزادے عدنان شمسی اور جڑواں شہروں کے صحافیوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فرحت اللہ بابر نے کہا کہ سی آر شمسی نہ صرف ایک ٹریڈ یونینسٹ بلکہ وہ جمہوریت اور آزادی صحافت کے عملبردار بھی تھے، انہوں نے اصولوں پر کبھی بھی کوئی سمجھوتہ نہیں کیا۔ افضل بٹ نے کہا کہ سی آر شمسی پریس کی آزادی اور ورکرز کے حقوق کے قائل تھے، سی آر شمسی اور فوزیہ شاہد نے جو شمع جلائے رکھی وہ انہی کا خاصہ ہے۔ عابد عباسی نے کہا کہ زندہ تنظیمیں اور ادارے اپنے محسنوں کو ہمیشہ یاد رکھتے ہیں۔ طارق علی ورک نے کہا کہ راولپنڈی اسلام آباد یونین آف جرنلسٹس سی آر شمسی کا مشن لیکر آگے چل رہی ہے۔ عامر سجاد سید نے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ ورکرز کے حقوق کی بات کی۔ سینئر صحافی طاہر پرواز نے سی آر شمسی کو نثری نظم کے ذریعے خراج عقیدت پیش کیا۔ سینئر صحافیوں رانا قیصر، ڈاکٹر عبدالودود قریشی، اکرام بخاری اور سردار مصطفےٰ نے بھی سی آرشمسی کی صحافتی اور تنظیمی خدمات پر انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔ سی آر شمسی کے صاحبزادے عدنان شمسی نے شرکاء کا شکریہ ادا کیا، تقریب کے آخر میں انکے ایصال ثواب کیلئے دعا بھی کی گئی۔