جماعت اسلامی کے تحت ریفرنڈم، عوام کی غیرمعمولی دلچسپی، 3 دن کی توسیع

September 26, 2022

کراچی (اسٹاف رپورٹر) امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن نے بجلی کے بلوں میں میونسپل چارجز اور فیول ایڈجسٹمنٹ کے نام پر ناجائز وصولی کے خلاف ”عوامی ریفرنڈم“میں عوام کی غیرمعمولی دلچسپی، بھرپورشرکت اورمزید لوگوں کی رائے دہی کے عمل میں شمولیت ممکن بنانے کے لیے تین دن کی توسیع کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہےکہ ”عوامی ریفرنڈم“بدھ 28ستمبر تک جاری رہے گا،انہوں نے یہ بات حسن اسکوائر پر لگائے گئے عوامی ریفرنڈم کیمپ کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا،دریں اثناء ریفرنڈم کے تیسرے دن بھی شہر کے تمام اضلاع کے اہم مقامات، بچت بازار سمیت تمام کاروباری مراکز پر ریفرنڈم کیمپوں کے علاوہ شہریوں نے بڑی تعداد میں آن لائن لنک پر بھی اپنی رائے کا بھرپور اظہار کیا،امیرجماعت اسلامی کے حسن اسکوائر پر عوامی ریفرنڈم کیمپ کے دورے کے موقع پرضلع قائدین کے امیر سیف الدین ایڈوکیٹ،سکریٹری ضلع شرقی ڈاکٹر فواد،سکریٹری اطلاعات زاہد عسکری ودیگر بھی موجود تھے،حافظ نعیم الرحمٰن نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ ہمارا مطالبہ ہے کہ کے الیکٹرک کے بلوں میں کے ایم سی یوٹیلیٹی ٹیکس ختم ، جعلی فیول ایڈجسٹمنٹ کے نام پر عوام کی جیبوں پر جو ڈاکا ڈالا جا رہا ہے اسے بند کیا جائے، کلاء بیک کی مد میں 50ارب روپے اہل کراچی کے کے الیکٹرک کے ذمہ واجب الادا ہیں انہیں عوام کو واپس دلوایا جائے، کے الیکٹرک کا لائسنس منسوخ اور فرانزک آڈٹ کرایا جائے۔