کئی علاقوں میں متاثرین کی گھروں کو واپسی شروع ہوگئی، آغا سراج درانی

September 26, 2022

کراچی(اسٹاف رپورٹر)قائم مقام گورنر سندھ آغا سراج خان درانی نے کہاہے کہ کئی علاقوں میں متاثرین کی گھروں کو واپسی شر وع ہوگئی ہے، سندھ میں سیلاب سے بڑے پیمانے پر تباہی ایک بڑا سانحہ ہے، عوام کی مشکلات دور کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، مشکل کی اس گھڑی میں متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑیں گے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے گڑھی یاسین میں ہندو پنچایت کے برسات متاثرین میں راشن تقسیم کے موقع پر کیا، انہوں نے کہا کہ ہم بلا تفریق رنگ و مذہب سب کی مدد کررہے ہیں کیونکہ یہی انسانیت ہے، وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سمیت تمام عوامی نمائندے متاثرین کی مدد کے لئے فیلڈ میں موجود ہیں، جبکہ متاثرین تک کوئی نہ کوئی حکومتی نمائندہ ، ایم پی اے یا ایم این اے ضرور پہنچا ہے،انہوں نے کہا کہ متاثرین کے لئے کم از کم 15 لاکھ خیموں کی ضرورت ہے، حکومت کی تمام تر توجہ سیلابی پانی کی نکاسی پر ہے اور اس وقت دریا میں روزانہ 2 لاکھ کیوسک پانی منچھر کے ذریعے جارہا ہے، وفاقی حکومت بھی این ڈی ایم اے کے ذریعے مدد کر رہی ہے، جبکہ کیمپوں میں موجود افراد کو پی ڈی ایم اے کے ذریعے ہرممکن سہولت فراہم کر رہے ہیں، ٹینٹ ،مچھر دانیوں اور دیگر امدادی اشیا کی فراہمی میں مخیر حضرات کا تعاون لائق تحسین ہے صحت کے معاملات پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔