عمران نیازی کی انتقامی سیاست نے ملک تباہ کر دیا، احسن اقبال

September 26, 2022

نارووال(صباح نیوز) وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران نیازی کی انتقامی سیاست نے ملک تباہ کر دیا، جھوٹے مقدمات بنانے والوں کو آج منہ کی کھانا پڑ رہی ہے، پی ٹی آئی نے 4 سال چور چور کی گردان کے سوا کچھ نہیں کیا، جھوٹے مقدمات بنانے والوں کو آج منہ کی کھانا پڑ رہی ہے، پاکستان کو معاشی غلامی میں دھکیلنے والوں کی جانب سے حقیقی آزادی کا نعرہ صرف لطیفہ ہے۔ نارووال میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ نارروال سپورٹس سٹی کیس میں میری بریت میری دیانت داری کا ثبوت ہے، مجھے نارروال کے عوام نے 2018 کے انتخابات میں منتخب کرکے اسمبلی بھیجا، عمران خان نے گزشتہ چار سال کے دوران صرف جھوٹ بولا، چور ڈاکو کا شور مچا کر دشنام طرازی کی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ دنیا پاکستان کی مدد کرنا چاہتی ہے لیکن عمران نیازی اور ان کی جماعت سوشل میڈیا پر کہہ رہے ہیں کہ پاکستان کی مدد نہ کی جائے۔