جنجوڑہ تتہ پانی روڈ کی تعمیر کیلئے فنڈز جاری کیے جائیں، آزاد کیانی

September 26, 2022

وٹفورڈ (نمائندہ جنگ)ہیو مین رائٹس کونسل آف ضلع کوٹلی کے مرکزی رہنما راجہ آزاد کیانی نے وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس سے مطالبہ کیاہے کہ جنجوڑہ تتہ پانی روڈ کی تعمیر کے لیے فنڈز جاری کیے جائیں ۔ راجہ آزاد کیانی نے کہا کہ آزاد کشمیر میں حالیہ سیلابی بارشوں کے باعث لیاقت ملک روڈ بری طرح متاثر ہوئی ہے جبکہ کچھ ماہ قبل ٹھیکیدار نے روڈ کی تعمیر میں ناقص میٹریل استعمال کیاہےجسکا نتیجہ یہ نکلا کہ یہ روڈ برساتی نالے کی نذر ہو گئی ہے۔ اس روڈ پر ٹریفک کے لیے تعمیر کردہ پلی بھی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو گئی ہے، روڈ کے بند ہونے سے گوا،دندلی ،گنی مالنی، تتہ پانی کے ہزاروں افراد روڈ کی سہولت سے محروم ہیں۔ راجہ آزاد کیانی نے وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس وزیر شاھرات اور ڈپٹی کمشنر ضلع کوٹلی سے مطالبہ کیاہے کہ وہ انسانی ہمدردی کی بنیاد پر سیلابی علاقے کا دورہ کریں اور اس روڈ کی از سرنو تعمیر کیلئے فنڈز جاری کیے جائیں ۔ راجہ آزاد کیانی نے کہا کہ روڈ خراب ہونے کے باعث عوام ضروریاتِ زندگی سے محروم ہیں،یہ انسانی حقوق کی بدترین خلافِ ورزی ہے ۔آزاد کشمیر گورنمنٹ تتہ پانی ضلع کوٹلی میں روڈز کی تعمیر کے لیے فنڈز جاری کیے جائیں ۔