پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریاں

September 27, 2022

ہالینڈ کی ڈائری/ راجہ فاروق/ نمائندہ جنگ
موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے وطن عزیز پاکستان کا بڑا حصہ شدید بارشوں،سیلاب کے باعث شدید متثر ہے۔ ایک محتاط اندازے کے مطابق 30ارب ڈالر سے زائد کا نقصان ہوچکا ہے، سیکڑوں افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں، تقریباً چارکروڑ سے زائدافراد سیلاب سے بری طرح متاثر ہیں، لوگوں کے گھر، مویشی سب سیلاب کی نذر ہوگئے ہیں، اس وقت33ملین افراد بے گھر ہوکر بے یارو مددگار کھلے آسمان تلے رہنے پر مجبور ہیں، پاکستان پہلے ہی معاشی مشکلات سے نبرد آزما تھا، اس وقت حکومت، این جی اوز ،بین الاقوامی برادری، اوورسیز پاکستانیز امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں، اس وقت جو موجودہ امداد سیلاب متاثرین کو مل رہی ہے وہ آٹے میں نمک کے برابر ہے،اس سنگین صورت حال میں عالمی برادری سے ڈومور کی اشد ضرورت ہے، الیکٹرانک میڈیا کی وساطت سے جو خبریں آرہی ہیں وہ نہایت ہی تشویشناک ہیں، یہ بات حقیقت ہے کہ حالیہ سیلاب کی وجہ سے بہت تباہ کاری ہوئی ہے، حکومت پاکستان جوپہلے ہی معاشی بحرانوں کا شکار ہے اور عالمی اداروں کے قرضوں میں جکڑی ہوئی ہے، لوگ مہنگائی، بیروزگاری کی وجہ سے کٹھن حالات سے دوچار ہیں، اس وقت بین الاقوامی برادری کو پاکستان کی مدد کرنی ہوگی، یہ بات خوش آئند ہے کہ پاکستان میں موجود لوگ اور بیرون وطن پاکستانی اپنے مصیبت زدہ ہم وطنوں کی مدد کیلئے کوشاں ہیں، اس بات میں کوئی مبالغہ نہیں کہ پاکستانی قوم کا جذبہ ایثار قابل تحسین ہے، وطن عزیز پاکستان میں جب بھی کوئی آفت آئی ہے، اوورسیز پاکستانیوں نے ہمیشہ دل کھول کر مدد کی ہے، موجودہ وقت میں بھی ہالینڈ اور دنیا کے تمام ممالک میں جہاں جہاں پاکستانی آباد ہیں، وہ سیلاب زدگان کی امداد کے لیے تمام تر توانائیاں بروئے کار لا رہے ہیں، ہالینڈ میں بھی مساجد انتظامیہ، سماجی رفاہی تنظیمیں، پاکستان بزنس کمیونٹی مصروف عمل ہے۔ حکومت پاکستان کو بھی سیلاب زدگان کے امدادی کاموں میں تیزی لانا ہوگی، پاکستان ٹی وی چینلز سے جو حالات واقعات دیکھنے میں آرہے ہیں، ان سے یہی پتہ چلتا ہے کہ سیلاب کی وجہ سے نقصان بہت زیادہ ہوا ہے اورمتاثرین کو امداد نہیں پہنچ پا رہی، سیلاب متاثرین کسمپرسی کی زندگی گزار رہے ہیں، انسانیت سسک رہی ہے، لاکھوں متاثرین کے گھر ٹوٹ گئےہیں ،گھروں کا سارا سامان برباد ہوگیاہے، فصلیں مکمل تباہ ہوگئی ہیں، اس وقت نہ پینے کو صاف پانی اور نہ کھانے کو روٹی اور نہ سونے کو چھت ہے، مسئلہ انسانیت کا ہے، عالمی برادری کو اس مشکل گھڑی میں پاکستان کا ساتھ دینا ہوگا۔ اوورسیز پاکستانیز اس بات پر بھی فکرمند ہیں کہ سیلاب متاثرین کو ہماری امداد صاف و شفاف طریقے سے پہنچ پائے گی یا نہیں، مصیبت کی اس گھڑی میں پوری پاکستانی قوم کو متحد ہوکر اپنے مصیبت زدہ بہن، بھائیوں کی مدد کرنی ہوگی، اس بات میں رتی بھر مبالغہ نہیں کہ پاکستان اس وقت نہایت مشکل حالات سے دوچار ہے، حکومت پاکستان کو بھی سادگی کو اپنانا ہوگا اور نئے سرے سے تعمیر وطن کرنی ہوگی، اوورسیز پاکستانیوں کو بھی اپنے حصے کا دیا جلانا ہوگا، اللہ تعالیٰ حضور نبی کریمﷺ اور آپﷺ کی آل پاک کے صدقے مملکت خداداد پاکستان پر رحم فرمائے اور ارضی و سماوی آفات سے محفوظ رکھے اور سیلاب متاثرین کی مدد فرمائے۔