مہنگے ایندھن سے چلنے والے 7339 میگا واٹ کے پاور پلانٹس بند کرنیکا فیصلہ

September 27, 2022

کراچی(ٹی وی رپورٹ)مہنگے ایندھن سے چلنے والے7339میگاواٹ کے پاور پلانٹس بند کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ سستی بجلی کی پیداوار کا 10سالہ منصوبہ منظوری کیلئے نیپرا کو بھیج دیا گیا ہے جس کی تصدیق نیپرا نے کردی ہے۔مجوزہ منصوبے کے مطابق گیس سے چلنے والے 3 اور کے الیکڑک کے 682میگاواٹ کے پلانٹس بند کرنے کی تجویز بھی شامل ہے۔ کے الیکٹرک کے دو فرنس آئل اور دو درآمدی ایل این جی پلانٹس بند کرنے کی تجویز بھی دی گئی ہے جبکہ نیٹ میٹرنگ سے 4 ہزار 320 میگاواٹ بجلی سسٹم میں شامل کئے جانے کا تخمینہ شامل ہے۔ نیپرا کے مطابق این ٹی ڈی سی کی جانب سے سستی بجلی کا منصوبہ نیپرا کو بھجوایا گیا، سستی بجلی کا انڈیکیٹو جنریشن کیپسٹی ایکپینشن پلان 2022 سے 2031 تک تجویز کیا گیا اور منصوبے کے تحت 14 ہزار159 میگاواٹ سستی بجلی سسٹم میں شامل کرنےکی تجویز دی گئی ہے۔ نیپرا کا کہنا ہے کہ سال 2022 تا 2031 بجلی کی طلب 44 ہزار668 میگاواٹ تک لے جانے کا تخمینہ تجویز کیا گیا ہے۔