عمران نیازی گندی سیاست کو پروان چڑھا رہے ہیں، راشد محمود

September 27, 2022

پشاور(نمائندہ خصوصی)پاکستان مسلم لیگ ضلع پشاور کے صدر اور پراونشل کمیٹی کے ممبر راشد محمود خان بابوزئی نے لندن میں پی ٹی آئی کارکنوں کی طرف سے وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کیخلاف مظاہرے پر سخت غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران نیازی کی طرف سے سیاستدانوں کو گالیاں دے کر اور غلیظ زبان استعمال کر کے سیاست میں گند پھیلایا جا رہا ہے جبکہ گندے سیاسی کلچر کو پروان چڑھایا جارہا ہے۔ پی ٹی آئی کارکن اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئے ہیں اگر مسلم لیگ کے کارکن میدان میں نکل آئے تو عمران نیازی بنی گالہ میں بھی نہیں چھپ سکیں گے۔ راشد محمود خان بابوزئی نے کہا کہ عمران خان کی طرف سے ملک میں نفرت انتشار و فساد پھیلانے اور ملک کو معاشی طور پرمفلوج بنانے کی سازشیں کرنے کی بجائے ملک کے استحکام عوام کی بالادستی اور آئین و قانون کی حکمرانی کے لئے جدوجہد جاری رکھی گئی جبکہ دھاندلی سے وزیراعظم مسلط ہونے والے عمران نیازی معزول ہونے پر حواس باختہ ہو کر قومی سلامتی کو دائو پر لگا رہے ہیں عمران نیازی گندی سیاست کو پروان چڑھا رہے ہیں جبکہ میاں محمد نواز شریف کا مشن شرافت اور خدمت کی سیاست کا بول بالا کرنا ہے