مقتولہ سارہ انعام کی آخری انسٹا پوسٹ منظرِ عام پر

September 27, 2022

فوٹو بشکریہ ٹوئٹر

سینئر صحافی ایاز امیر کے بیٹے شاہ نواز کے ہاتھوں قتل ہونے والی سارہ انعام کو انصاف دلوانے کیلئے سوشل میڈیا صارفین مختلف ٹرینڈز چل رہے ہیں ایسے میں پاکستان کی معروف خاتون صحافی کے ٹوئٹ میں کیے جانے والے انکشاف نے سب کو چونکا دیا۔


مہر بخاری نے اپنے ٹوئٹ میں سارہ انعام کے حوالے سے بتایا کہ وہ اور سارہ کینیڈا میں کلاس فیلو رہ چکی ہیں، سارہ ایک پیاری، مہربان روح تھی، نرمی سے بولنے والی خاتون تھی، یہ اس کی پہلی شادی تھی۔اس نے بہترین جگہوں پر کام کیا، دنیا کا سفر کیا اور اب وہ ایک مضبوط اور صحت مند گھر بنانا چاہتی تھی۔

ایک اور ٹوئٹ میں مہر بخاری نے سارہ انعام کی آخری انسٹا پوسٹ شیئر کی جس میں سارہ کے اکاؤنٹ کا نشان مٹا دیا گیا تھا، مہر بخاری نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ وہ سمجھتی تھی وہ سب ٹھیک کر لے گی۔

سارہ انعام نے آخری انسٹا پوسٹ 12 ستمبر 2022 کو شیئر کی تھی جس میں ہاتھ میں کتاب تھامی ہوئی تھی اور ساتھ معروف فارسی شاعر شمس تبریز کا قول بھی درج تھا۔

سارہ نے لکھا کہ ’بالکل ایسے ہی کہ اس نے میری زندگی میں رنگ بھر دیے، لیکن میری زندگی کا ایجنٹ خود بہت بری طرح متاثر ہوا، شمس تبریز کہتے ہیں کہ ، ’خزانے کھنڈرات میں چھپے ہوتے ہیں، اور ٹوٹے ہوئے دل میں خزانے جمع ہوتے ہیں‘۔

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں اسلام آباد کے علاقے چک شہزاد میں ملزم شاہنواز نے اپنی اہلیہ سارہ کو سر پر لوہے کی راڈ مار کر بے ہوش کیا اور پھر اسے نہانے والے ٹب میں ڈال کر پانی کھول دیا جس سے اس کی موت واقع ہوگئی تھی۔ ملزم نے اپنی بیوی کو قتل کرنے کے بعد اس کے کینیڈین پاسپورٹ کے ٹکڑے کر دیے اور شواہد مٹانے کی بھی کوشش کی۔