مکان سے خاتون، کچرا کنڈی سے معذور شخص، 2 افراد کی لاش ملیں

September 28, 2022

کراچی (اسٹاف رپورٹر) لانڈھی فیوچر کالونی کچی آبادی میں واقع مکان سے 32سالہ سمیرا زوجہ افتخار کی کئی روز پرانی تشدد زدہ لاش ملی،پولیس نے بتایا کہ خاتون مکان میں اکیلی رہتی تھی اور لڑکی کے والد نے گھر میں آ کر دیکھا تو دروازہ بند تھا جس پر تالا توڑ کر اندر گئے تو اندر لاش موجود تھی ،پولیس کے مطابق لاش تقریباً 20روز پرانی ہے، پولیس کا دعویٰ ہے کہ مقتولہ کے دو بھائیوں یاسر اور افتخار کو حراسست میں لیا تو انہوں نے اعتراف کیا کہ اپنی بہن کے کردار پر شک کے باعث قتل کیا،مقتولہ کا تعلق مردان سے تھا ، دریں اثنا قائد آباد کچرا کنڈی کے قریب بیگ سے ایک شخص کی لاش ملی،پولیس کے مطابق لاش معذور شخص کی ہے اور اس کے گلے میں دوپٹے کا پھندا بھی لگا ہوا ، جسم پر تشدد کے بھی نشانات ہیں،پولیس نے بتایا کہ عینی شاہدین کے مطابق کار میں سوار دو خواتین بیگ کو کچرا کنڈی میں پھینک کر فرار ہوگئیں ، علاوہ ازیں گلشن اقبال موتی محل پل کے قریب روڈ سے ایک شخص کی لاش ملی، منگھو پیر ماہی گاڑی چوکی کے قریب مین روڈ سے ایک شخص کی لاش ملی، فوری طو پر موت کی وجہ معلوم نہیں ہوسکی، لاش کو سرد خانے منتقل کردیا گیا۔