بچی کے قتل میں ملوث ملزم کی مبینہ مقابلے میں ہلاکت، ورثا نے عدالت سے رجوع کرلیا

September 28, 2022

ملتان(سٹاف رپورٹر)تھانہ سیتل ماڑی کی حدود میں کمسن بچی کو اغواء اور زیادتی کے بعد قتل کرنے کے مقدمہ میں ملوث ملزم کا پولیس مقابلہ مشکوک ہو گیا۔ ہلاک ملزم کے اہل خانہ کے پولیس پر سنگین الزامات۔ تفصیل کے مطابق پولیس مقابلے میں ہلاک ملزم ندیم کی ہمشیرہ رخسانہ بی نے پولیس کے خلاف استغاثہ دائر کیا ہے۔ اس میں موقف اختیار کیا گیا کہ ملزم ندیم کے خلاف کمسن بچی آمنہ کو اغواء اور زیادتی کے بعد قتل کرنے کا مقدمہ 2 ستمبر کو درج کیا گیا ،ملزم کو گرفتار کرکے پولیس نے تین روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کیا اور برآمدگی کے دوران ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہونے کا مقدمہ درج کرلیا۔ ملزم کے اہلخانہ کا موقف ہے کہ پولیس نے ندیم کو تشدد کا نشانہ بنایا اور ندیم کو نیم مردہ حالت میں گولیاں مارکر قتل کیا،یہ واقعہ انہوں نے بچشم خود دیکھا ہے۔ وقوعہ سے قبل انہیں ایک نامعلوم پولیس اہلکار نے جھوٹے پولیس مقابلے بارے آگاہ کیا۔ درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ مقتولہ بچی ہمارے لیے اپنی بچیوں کی طرح تھی وہ ایسا کرنے کا سوچ بھی نہیں سکتے تھے۔ استغاثہ پر 29 ستمبر کو سیشن کورٹ میں سماعت ہوگی۔