ڈی آئی جی کی سربراہی میں ٹیم کا دورہ اڈیالہ جیل، قیدیوں کی شکایات کے انبار

September 28, 2022

راولپنڈی ( وسیم اختر سٹاف رپورٹر)ڈی آئی جی سعیداللہ گوندل کی سربراہی میں چاررکنی ٹیم نے اڈیالہ جیل کادورہ کیا،جیل ذرائع کے مطابق سینٹرل جیل اڈیالہ میں چیف جسٹس اسلام آبادہائی کورٹ کے دورے کے دوران مختلف اسیروں کی جانب سے جیل انتظامیہ کے خلاف لگائے الزامات اورشکایات کاجائزہ لینے کے لئے آئی جیل خانہ جات پنجاب مرزاشاہدسلیم بیگ کی جانب سے ایک فیکٹ اینڈفائنڈنگ کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جواس حوالے سے تحقیقات کرکے اپنی رپورٹ آئی جی کوپیش کرے گی ۔اس حوالے سے منگل کو ٹیم نے اڈیالہ جیل کادوہ کیا ، چاررکنی ٹیم کی سربراہی ڈی آئی جی جیل خانہ جات پنجاب سعیداللہ گوندل کررہے تھے جب کہ ٹیم کے دیگرارکان میں دوسپرنٹنڈنٹ جیل اشتیاق احمدگل وچودھری اختر اورایک ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ عارف شامل تھے ۔ ٹیم نے منگل کوجیل میں انتہائی مصروف وقت گذارا اوراڈیالہ جیل کے اسیروں سے بات چیت کرکے شکایات سنیں ،ذرائع کاکہناہے کہ اسیروں نے جیل انتظامیہ کے خلاف کھل کر شکایات بیان کیں اوربتایاکہ کرپشن کی انتہاکردی گئی ہے ،بعض ملازمین ان پرظلم وزیادتی کرتے ہیں ،رشوت نہ دینے پرتشددکانشانہ بنایاجاتاہے ،راشن میں بھی ہیرپھیرکیاجارہاہے ،ہرشے میں ٹھیکہ دیاگیاہے اورٹھیکے کی رقم پوری کرنے کے لئے وارڈرزنے رشوت کاریٹ بڑھادیاہے۔ذرائع کاکہناہے اسیروں نے انچارج چکرکے خلاف بھی شکایات کیں،ٹیم اس حوالے سے آئی جی جیل خانہ جات پنجاب کوتفصیلی رپورٹ پیش کرے گی ۔ذرائع کاکہناہے کہ چیف جسٹس اسلام آبادہائی کورٹ اطہرمن اللہ کے حکم پرہیومن رائٹس کمیشن کے ممبر پنجاب جلد اڈیالہ جیل کے بارے میں تحقیقاتی رپورٹ انہیں پیش کریں گے ۔