پاک فیڈریشن سپین نے 50 ہزار یورو کے عطیات اکٹھے کرلیے

September 29, 2022

بارسلونا(جواد چیمہ)پاک فیڈریشن کی فلڈ ریلیف کمیٹی 18 ستمبر 2022 کو ہونے والے چیریٹی شو میں کل 50350 یورو کے عطیات اکٹھے کیے۔ چیریٹی شو میں 88 یتیم اور 41 سپیشل (کل 121) بچوں کی تعلیم کا ذمہ اٹھایا گیا، تین سکول چلانے کا اعلان کیا گیا، چھ بہترین اسٹینڈرڈ کے کلاس رومز کی تعمیر کی ذمہ داری لی گئی، جس میں ایک کے لیے نقد رقم ٹیکسی سیکٹر بارسلونا نے موقع پر ادا کر دی جبکہ 1150 یورو نقد عطیات کی صورت میں عوام الناس نے پیش کیے۔چیرٹی میں خواتین اور بچوں نے بھی اعلان کر کے حاضرین کو حیران کر دیا اور ٹیکسی سیکٹر کے علاوہ، اساتذہ کرام، شاعر، کاروباری حضرات، مزدور طبقہ نے حصہ لیا مظہر حسین راجہ کوآرڈینیٹر فلڈ ریلیف کمیٹی برائے سیلاب زدگان پاک فیڈریشن سپین کے مطابق فلڈ ریلیف کمیٹی کا اجلاس 23 ستمبر کی شام بادالونا سب آفس میں منعقد ہوا جس میں چیریٹی شو میں ہونے والے عطیات و نقدی کا حتمی تخمینہ لگا کر کمیٹی کے سامنے رپورٹ پیش کی گئی اور تمام ریکارڈ کی دوبارہ جانچ پڑتال کی گئی اور جو کمیٹی ممبران نہ آ سکے ان سے فون پر رابطہ کیا گیا یا گروپ میں رائے طلب کی گئی۔ اجلاس میں پاکستانی کمیونٹی اور مہمانان گرامی کو زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا اور یہ فیصلہ کیا گیا کہ فنڈ ریزنگ میں حصہ لینے والے خواتین و حضرات اور بچوں کو باقاعدہ شکریہ کے خطوط جاری کیے جائیں گے اور عطیات کی تفصیلات سے انفرادی طور پر اور مسلسل ڈونرز کو آگاہ رکھا جائے گا۔ چیریٹی شو کے دوران نوجوانوں نے سیکورٹی و ٹکٹ چیکنگ کے بہترین فرائض سرانجام دیے اور ویمن ونگ نے قونصل جنرل صاحبہ اور دیگر خواتین کو پروٹوکول کے ساتھ پروگرام میں خوش آمدید اور الوداع کہا جسے کمیٹی نے بہت سراہا ۔ پروگرام کو چلانے والے اور ترتیب دینے والے تمام ممبران کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا گیا اور تعریفی کلمات سے نوازا گیا جن کی وجہ سے یہ سارا پروگرام کامیاب ہوا۔ کمیٹی کو بتایا گیا کہ صحافی برادری نے پروگرام کے دوران بہترین رپورٹنگ کی ۔