ہیومینٹی فرسٹ نے ایک لاکھ پونڈ کی رقم پاکستان کی ہنگامی امداد کیلئے عطیہ کی ہے

September 29, 2022

لندن (رپورٹ فتح الحق) ہیومینٹی فرسٹ نے ایک لاکھ پائونڈ کی رقم وزیراعظم کے سیلاب زدگان کے امدادی فنڈ میں عطیہ کی ہے۔ یہ رقم پاکستان کے آفت زدہ عوام کے لئے ہیومینٹی فرسٹ کے جاری شدہ پروگرام کا حصہ ہے، تین کروڑ سے زیادہ مرد، عورتیں اور بچے شدید سیلاب کی وجہ سے بحران کی کیفیت کا شکار ہیں، سیلاب نے پاکستان کے بیشتر حصے کو متاثر کیا ہے ، پندرہ سو اموات اور بیس لاکھ گھرتباہ ہوچکے ہیں، یہ نقصان ناقابلتصور ہے، یہ ایک لاکھ پائونڈ کی امداد حکومت پاکستان کی ہنگامی اپیل کے جواب میں کی گئی ہے، یہ امداد پاکستان کے بیشتر علاقوں میں فوری طور پر انسانی خدمت کے لئے کام آئے گی، ہیومینٹی فرسٹ کی رضاکار ٹیمیں دنیاکے دشوارگزار ترین اور آفت زدہ علاقوں میں پہنچ کرمتاثرین کی امداد کر رہی ہیں اور متاثرین کو خوراک، پانی، پناہ گاہ اور ادویات بروقت پہنچا رہی ہیں، چیئرمین ہیومینٹی فرسٹ یوکے ڈاکٹر عزیز احمدحفیظ نے مکرم و محترم معظم احمد خان سے پاکستان کے عوام کے لئے دکھ اورافسوس کا اظہار کیا، امداد پیش کرنے کے بعد ڈاکٹر عزیز نے کہا ’’ہیومینٹی فرسٹ کے رضاکار پاکستان میں سیلاب کی وجہ سے جانی نقصان پر غمگین اور افسردہ ہیں، ہم سب کی دعائیں اور نیک تمنائیں ان سب لاکھوں لوگوں کے ساتھ ہیں جو حالیہ بارشوں سے متاثر ہوئے ہیں، حکومت پاکستان اور وزیراعظم پاکستان کی اپیل پر ہم نے بھی آج وزیراعظم کے سیلاب زدگان کے امدادی فنڈ میں ایک لاکھ پائونڈ کی رقم عطیہ کی ہے‘‘۔ ہیومینٹی فرسٹ اوراس کے رضاکار تمام دنیا میں آفت زدگان تک امداد کے ساتھ پہنچ رہے ہیں اور خدمت انجام دے رہے ہیں۔