اسحاق ڈار کے پاکستان جانے سے معیشت بہترہوگی، نواز شریف

September 29, 2022

ایمسٹرڈیم ( نمائندہ جنگ ) سینیٹر اسحاق ڈار کے پاکستان جانے پر پاکستان کی معیشت انشاء اللہ تعالیٰ بہتری کی طرف گامزن ہو جائے گی،عمران نیازی اور اسکے حواریوں نے پاکستان کی معیشت کا بیڑا غرق کر دیا تھا، ان خیالات کا اظہار قائد مسلم لیگ نون میاں محمد نواز شریف نے مسلم لیگ ن ہالینڈ کے وفد سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔یہ وفد میاں محمد نواز شریف کی خصوصی دعوت پر لندن گیا تھا، مسلم لیگ ن ہالینڈ کے وفد میں چیئرمین پیر طاہر اقرار شاہ،صدر چوہدری پرویز علی سندیلہ، سینئر نائب صدر جاوید بٹ،سیکرٹری اطلاعات محمد جاوید اقبال کھوکھر شامل تھے۔ میاں محمد نواز شریف نے مسلم لیگ ن ہالینڈ کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ کارکن اور ورکر ہی پارٹی کا سرمایہ ہوتے ہیں، میاں محمد نواز شریف نے مزید کہا کہ بہت جلد میں بھی پاکستان جاؤں گا، جب ڈاکٹروں کی ٹیم مجھے سفر کرنے کی اجازت دے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ سلاب کی وجہ سے پاکستان میں بے روزگاری اور غربت میں مزید اضافہ ہوگیا ہے، تین کروڑ سے زائد پاکستانی اس سے متاثر ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا ہمارے دور میں پاکستان کی معیشت بہتری کی طرف جا رہی تھی، ڈالر کنٹرول میں تھا، عمران نیازی کی وجہ سے آج ڈالر دیکھو وہ کہاں پر پہنچ گیا ہے،لوگ سیلاب کی وجہ سے پریشان ہیں اور عمران نیازی جلسے جلوس کر رہا ہے ،اسے نہ پاکستان سے محبت ہے اور نہ ہی پاکستانی عوام سے، عمران نیازی کا کرپٹ ٹولہ پاکستانی نوجوانوں کو گمراہ کر رہا ہے، عمران نیازی نے پاکستان میں فحاشی کا کلچر متعارف کروایا،سیکرٹری اطلاعات محمد جاوید اقبال کھوکھر نے قائد مسلم لیگ ن میاں محمد نواز شریف کو یقین دلایا کہ اوورسیز مسلم لیگ کے کارکن آپ کے اشارے کے منتظر ہیں، جب آپ پاکستان جائیں گے تو آپ کے شانہ بشانہ پاکستان میں آپ کے ساتھ جائیں گے اور اپنے قائد محمد نواز شریف کی خاطر کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔