”لیجنڈ آف مولا جٹ“15 سال میں دوسری فلم ہے، فواد خان

September 29, 2022

کراچی (جنگ نیوز) انسائیکلومیڈیا اور لاشاری فلمز کے بینر تلے ”جیوفلمز“ کی پیشکش، ”دی لیجنڈ آف مولا جٹ“کے مرکزی کردار فواد خان (مولا جٹ) نے کہا ہے کہ دی لیجنڈ آف مولا جٹ 15/ سال میں دوسری فلم ہے، لیکن ایکسائٹڈ سے زیادہ نروس ہوں، 2007 میں ”خدا کے لیے“ کی تھی اب یہ میری دوسری فلم ہے۔ میری پنجابی بہت کمزور ہے، لیکن اس فلم کیلئے خاص طور پر پنجابی سیکھی۔ اِن خیالات کا اظہار اُنہوں نے ”جیونیوز“ کے مارننگ شو ”جیو پاکستان“ میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ شو کے دوران فلم ساز آغا سجاد گل اور پروڈیوسرز راشد خواجہ نے گفتگو کی۔ میزبان عبداللہ سلطان اور ہما امیر شاہ کے مختلف سوالوں کا جواب دیتے ہوئے فواد خان کا مزید کہنا تھا کہ فلم کی پہلی جھلک بتا رہی ہے کہ یہ کتنی سپر ہٹ ہوگی۔ فلم کے معیار کو بلند رکھنے سر توڑ کوشش کی ہے۔ فلم کے ڈائیلاگز لا جواب ہیں۔ یہ فلم انڈسٹری میں مقبولیت کی نئی تاریخ رقم کرے گی۔ فلم کیلئے وزن کم کیا، جب آپ اپنی محنت کے بعد کردار کو اپنے اوپر طاری کرلیں تو اسے کرنے کا مزہ دوبالا ہو جاتا ہے۔ محنت کرکے سب کچھ اوپر والے چھوڑ دیا ہے، پیش گوئی نہیں لیکن اُمید کرسکتا ہوں کہ لوگ اسے پسند کریں گے۔ یہ یقین ہے کہ لوگ نا اُمید نہیں ہوں گے۔ کچھ ڈائیلاگز ایسے لکھے گئے ہیں جسے لوگ مدتوں یاد رکھیں گے۔ پاکستان سے زیادہ بیرونی دُنیا کی فلم انڈسٹری میں کام کر چکا ہوں، دُنیا بھر سے بہت زبردست فیڈ بیک مل رہا ہے۔ فلم کی جو جھلک سامنے لائی گئی ہے وہ فلم کا 4سے 5 فیصد بھی نہیں ہے، جب حقیقی کہانی بڑے پردے پر دیکھی جائے گی تو اصل نتیجہ سامنے آئے گا۔ یہ فلم نئے ٹرینڈ قائم کرے گا۔ اس فلم سے پہلے کسی فلم میں ایکشن نہیں کیا، ایکشن کی ڈائریکشن کیلئے باہر سے ٹیم آئی تھی۔ 6کلو کا گنڈاسا ہاتھ میں لیکر ایکشن کرنا آسان نہیں تھا، ایکشن کے دوران بہت چوٹیں آئیں۔ فلم ساز آغا سجاد گل کا کہنا تھا کہ مجھے فلموں کا جنون ہے، یہ فلم بالی ووڈ سے کم نہیں ہے، پاکستان کی ایکشن فلموں میں سب سے بہترین فلم ہے، فلم ”شعلے“ کی طرح مستقبل میں ”مولا جٹ“ کو یاد کیا جائے گا۔ ہر زبان بولنے والا یہ فلم دیکھنا پسند کرے گا، غیر ملکی اس فلم کو دیکھنے میں زیادہ دلچسپی رکھتے ہیں۔ ماہرہ خان سب کو سرپرائز کریں گی۔حمزہ اور فواد کی اداکاری نے بھی لاجواب کردیا ہے۔ اس سے اچھی ایکشن فلم پاکستان میں کبھی نہیں دیکھی۔ پروڈیوسرز راشد خواجہ نے کہا کہ ایسا لگ رہا ہے ہالی وو کی فلم پنجابی میں دیکھ رہا ہوں، یہ میری زندگی کی بہترین فلم ہے۔ یہ نمبر ون پاکستانی فلم ہے جو فلم انڈسٹری کے تمام ریکارڈ توڑ دے گی۔ ممکن ہے فلم100 کروڑ کا ریکارڈ بھی ٹوٹ دے۔ بلال لاشاری نے عالمی معیار کو مدِنظر رکھ کر بے مثال شوٹنگ کی ہے۔ عمیمہ ملک کا کردار اور اس کے ڈائیلاگ لوگوں کے ذہنوں پر نقش رہیں گے۔ فلم کا پس پردہ میوزک رونگٹے کھڑے کردینے والا ہے۔ یاد رہے کہ بڑے پردے کی بڑی فلم ”دی لیجنڈ آف مولا جٹ“ 13/اکتوبر سے ”جیوفلمز“ کے تعاون سے ملک اور بیرون ملک ایک ساتھ ریلیز ہوگی۔