پانی کی ملاوٹ پر مختلف علا قوں میں دودھ فروش گرفتار،500لیٹر دودھ تلف

September 30, 2022

پشاور (وقائع نگار )صوبائی دارلحکومت پشاور میں ضلعی انتظامیہ نے کارروائی کرتے ہوئے دودھ میں پانی کی وافر مقدار میں ملاوٹ کرنے پر مختلف علاقوں سے بیشتر شیر فروشوں کو گرفتار کر لیا۔ اس حوالے سے ڈپٹی کمشنر پشاور شفیع اللہ خان کی ہدایت پر ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنرانیس الرحمان نے لائیو سٹاک کے ویٹرینری سپروائزر نعیم الحسن کے ہمراہ حیات آباد کی مختلف مارکیٹوں میں شیر فروشوں کی دکانوں میں دودھ کا لائیو سٹاک کی جدید موبائل لیبارٹری کے ذریعے معائنہ کیا۔ معائنے کے دوران دودھ میں وافر مقدار میں پانی کی ملاوٹ ثابت ہونے پر06 شیر فروشوں کو گرفتارکرتے ہوئے موقع سے500 لیٹر سے زائد ملاوٹ شدہ دودھ کو تلف کر دیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر پشاور شفیع اللہ خان کے مطابق پشاور میں ضلعی انتظامیہ متحرک ہے اور باقاعدگی سے شیر فروشوں کی دکانوں میں دودھ کا معائنہ کیا جا تا ہے۔ انھوں نے انتظامی افسران کو اپنے علاقوں میں شیر فروشوں کی دکانوں میں دودھ کا معائنہ کرنے کی ہدایت کی ہے اور ملاوٹ ثابت ہونے پر قانونی کارروائی کا حکم دیا ہے۔