اوورسیز کمیونٹی کا ملکی ترقی میں اہم کردار، ووٹ کا حق ملنا چاہئے، چوہدری اخلاق

October 01, 2022

بریڈفورڈ (نمائندہ جنگ ) وزیر مال و کسٹوڈین آزاد کشمیرچوہدری محمد اخلاق نے کہا کہ اوورسیز کمیونٹی کا ملکی ترقی میں اہم کردار ہے، اوورسیز کے وطن میں مسائل باالخصوص زمینوں سے متعلق معاملات کوحل کریں گے،بے انصافی کسی کے ساتھ نہیں ہو گی،انتظامیہ اگر کسی کے جائز کام میں رکاوٹ ہےتو آگاہ کریں، ان کے خلاف ایکشن لیں گے، آزاد کشمیر میں زمینوں کی رجسٹریشن کمپیوٹرائز کر رہےہیں تاکہ برطانیہ میں بیٹھ کر ہی زمینوں کی معلومات حاصل ہو سکیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے صدرریاست آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کے مشیر چوہدری محمد مالک اور کشمیر تحریک انصاف کے مرکزی رہنما ڈی سی چوہدری آصف علی کی جانب سے دئیے گئے استقبالیہ سے خطاب کرتےہوئے کیا۔ تقریب کی صدارت چوہدری محمد مالک نے کی۔ تقریب میں کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی،اس سے قبل جب وزیر حکومت چوہدری محمد اخلاق تقریب میں پہنچے تو ڈھول کی تھاپ اورپھولوں کے ہار پہنا کر ان کا والہانہ استقبال کیا گیا ،نظامت کے فرائض چوہدری ماجد علی نے ادا کیے۔ وزیرمال آزاد کشمیر چوہدری محمد اخلاق کا کہنا تھا کہ میرپور اور کشمیر کے لوگ خوش قسمت ہیں کہ انہیں بیرسٹر سلطان محمود جیسا لیڈر ملا اور جب تک ان کی زندگی ہے ،وہ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کے کارکن ہیں،انہوں نے کہا کہ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی ٹیم وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویرالیاس خان کے ساتھ ہے اور تحریک عدم اعتماد صرف سوشل میڈیا تک محدود ہے، میرپور میں ہریام پل جلد مکمل ہو گا اور صدر ریاست بیرسٹر سلطان محمود چوہدری میرپور میں ائرپورٹ اور گیس کے لیے بھرپور جدوجہد کررہے ہیں، انہوں نے اوورسیز کمیونٹی سے اپیل کی کہ اس مشکل وقت میں سیلاب زدگان کی مدد کریں،انہوں نے کہا کہ اوورسیز کو ووٹ کا حق ضرور ملنا چاہئے۔ پاکستان کی عزت اور حفاظت صرف عمران خان ہی کر سکتے ہیں۔ استقبالیہ تقریب سے صدارتی مشیران چوہدری محمد مالک،چوہدری حکمداد،چوہدری امجد ،سابق مشیر چوہدری عبدالرشید پوٹھی،ڈی سی چوہدری آصف علی،چوہدری شیراز احمد جنگیاں،چوہدری بشارت ڈیوزبری ،چوہدری حنیف ایڈوکیٹ ،چوہدری صابردین، چوہدری ادریس شان،چوہدری جاوید بھڑک،چوہدری اکرام ارشاد،چوہدری صابر،چوہدری ارشد حسین،معروف حسین ایم بی ای،چوہدری شبیر حسین ڈنکاسٹر،چوہدری غالب رضا ایڈوکیٹ،چوہدری یاسر محمودچوہدری طاہر حنیف ،چوہدری روحیل ،چوہدری عاصم علی اور دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چوہدری محمد اخلاق کوبرطانیہ آمد پر خوش آمدید کہتے ہیں اور ان کی آزاد کشمیر میں کارکردگی قابل ستائش ہے اور وہ خود اوورسیز ہونے کی وجہ سے تارکین وطن کے مسائل بہتر طریقے سے حل کریں گے۔