اسرائیل کا دورہ نظریہ پاکستان کی توہین، ایم ڈبلیو ایم کے تحت مظاہرے

October 01, 2022

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستانی وفد کے اسرائیل دورے کے خلاف مجلس وحدت مسلمین کراچی کے زیر اہتمام شہر بھر میں بعد نماز جمعہ مساجد کے باہر احتجاجی مظاہرے کئے گئے جبکہ مرکزی احتجاجی مظاہرہ کھارادر خوجہ اثنا عشری مسجد کے باہر کیا گیا، احتجاجی مظاہروں میں سیکڑوں شہریوں نے شرکت کی، مظاہرین سے مجلس وحدت مسلمین کے قائدین مولانا صادق جعفری، مولانا حیات عباس نجفی، مولانا ملک عباس ، فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر صابر ابو مریم نے خطاب کیا، مقررین کا کہنا تھا کہ پاکستانی وفد نے اسرائیل دورہ کر کے نظریہ پاکستان کی توہین اور بائیس کروڑ عوام کے جذبات کو مجروح کیا ہے، رہنماؤں نے وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف اور صدر پاکستان عارف علوی سمیت چیف جسٹس عمر عطا بندیال اور افواج پاکستان کے سپہ سالار سے مطالبہ کیا کہ پاکستان کے آئین اور نظریات کی دھجیاں اڑانے وا لوں کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے اور اسرائیل کا دورہ کرنے والے پاکستانی شہریوں کی شہریت ختم کی جائے ،سیاستدان پارلیمنٹ اور سینیٹ میں اسرائیل لابی کی سرگرمیوں سے متعلق موثر قانون سازی کریں۔