سینیٹ اجلاس، ایکسپورٹ امپورٹ بینک آف پاکستان اور 2 ترمیمی بل منظور

October 01, 2022

اسلام آباد (اے پی پی) سینیٹ نے ایکسپورٹ۔ امپورٹ بینک آف پاکستان بل 2022ء ، پاکستانی قوانین کی اشاعت (ترمیمی) بل 2022ء،ڈپلومیٹک اور قونصلر افسران (حلف اور فیس)(ترمیمی) بل 2022ءکی منظوری دیدی، گزشتہ روز ایوان بالا میں ریاستی کاروباری ادارے (گورننس اور آپریشنز) بل 2022ء پر قائمہ کمیٹی کی رپورٹ بھی پیش کر دی گئی،تفصیل کے مطابق گزشتہ روز سینیٹ کے اجلاس کے دوران وزیر مملکت برائے خزانہ ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا نے تحریک پیش کی کہ بین الاقوامی تجارت کے فروغ کے لئے ایکسپورٹ۔ امپورٹ بینک آف پاکستان کے قیام کا بل ایکسپورٹ۔ امپورٹ بینک آف پاکستان بل 2022ء قائمہ کمیٹی کی رپورٹ کردہ صورت میں فی الفور زیر غور لایا جائے۔ ایوان سے تحریک کی منظوری کے بعد چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے بل شق وار منظوری کے لئے ایوان میں پیش کیا جس کی ایوان نے منظوری دیدی۔