کسان اتحاد کا وزیر داخلہ رانا ثنا پر بات چیت خراب کرنے کا الزام

October 02, 2022

اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی ،خصوصی رپورٹ ،جنگ نیوز) کسان اتحاد نے وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ پر بات چیت خراب کرنے کا الزام لگایا ہے، کسان اتحاد کے چیئرمین خالد حسین باٹھ نے دھرنے کے شرکاء سے خطاب میں کہا ہےکہ رانا ثنا اللہ نے کہا کسانوں کو دیکھ لوں گا، میں نے رانا ثنا کو کہا آپ کو بھی دیکھ لیں گے، ، رانا ثنااللہ نے وزیر اعظم سے بات کرانے کی پیشکش کی ہے، حکومت سمجھ رہی تھی رانا ثنا کسانوں کو ڈرا دھمکا لے گا،وزیر اعظم کے دھرنا ختم کرنے کی درخواست کو مسترد کر دیاہے، کسان اپنا مقصد پورا کیے بغیر واپس نہیں جائینگے، کل پاور کمیٹی اور کسانوں کی میٹنگ ہوگی، اس میں بجلی ٹیرف پر بات ہوگی، حکومت سے کھاد کے مسئلے پر بات ہوئی ہے، کسان اتحاد کا دھرنا پیر تک جاری رہے گا، نوٹیفکیشن لیے بغیر دھرنا ختم نہیں کرینگے ، وزیر اعظم نے پیر کو کسانوں کے مطالبات کا حکم نامہ جاری ہونے کی یقین دہانی کرائی ہے، رانا ثناء اللہ میرا کچھ نہیں کر سکا، صوبائی وزیر داخلہ ہاشم ڈوگر بھی کچھ نہیں کر سکتے، کسان پرامن رہیں گے ، انتظامیہ کسی بھی قسم کی سختی سے گریز کرے ،ادھر وزیر داخلہ رانا ثنا نے کہا ہےکہ کسانوں کا دھرنا بلا جواز ہے، کسان اتحاد سے ملاقات میں ان کو صورت حال سے آگاہ کر دیا ہے، زرعی ٹیوب ویل بجلی کے بلوں میں کمی کیلئے کابینہ کی کمیٹی کام کر رہی ہے، سوموار کو کمیٹی دوبارہ بیٹھے گی اور تمام تجاویز پر غور کرے گی،حکومت کسانوں کے جائز مطالبات کو سنجیدہ لے رہی ہے۔