اسلام آباد (اے پی پی) پاکستان نے بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط مقبوضہ کشمیر میں مساجد اور ان کی انتظامی کمیٹیوں کا ڈیٹا جمع کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کھلی مداخلت مذہبی آزادی اور عقیدے کے بنیادی حق کی سنگین خلاف ورزی، مقبوضہ علاقے کی مسلم آبادی کو خوفزدہ کرنے اور انہیں پس منظر میں دھکیلنے کی ایک اور جابرانہ کوشش ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے ہفتے کو جاری بیان میں کہا کہ مذہبی ذمہ داران کے ذاتی کوائف، تصاویر اور مسلکی وابستگیوں کی جبری طور پر معلومات اکٹھی کرنا منظم ہراسانی کے مترادف ہے جس کا مقصد عبادت گزاروں میں خوف پیدا کرنا اور انہیں اپنے مذہب پر آزادانہ عمل سے روکنا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ یہ اقدامات قابض بھارتی حکومت کی ہندوتوا نظریے سے متاثر ادارہ جاتی اسلاموفوبیا کے ایک وسیع تر سلسلہ کا حصہ ہیں۔ بیان کے مطابق جموں و کشمیر کے عوام کو خوف، جبر اور امتیاز کے بغیر اپنے مذہب پر عمل کرنے کا ناقابلِ تنسیخ حق حاصل ہے۔