اسلام آباد( جنگ نیوز) سال 2025 میں مجموعی طور پر 7 لاکھ 62 ہزار اور 499 پاکستانی روزگار کیلیے بیرون ملک گئے۔ بیرون ملک روزگار کیلئے جانے والے پاکستانیوں کی تعداد میں پانچ فیصد اضافہ ہوا، ایک رپورٹ کےمطابق وزارتِ سمندر پار پاکستانی و ترقیِ انسانی وسائل کے نظام میں بہتری سے بیرون ملک پاکستانیوں کے روزگار اور تحفظ میں اضافہ ہوا۔ بیورو آف امیگریشن کی جانب سے بیرون ملک روزگار کے متلاشی افراد کی سہولت کاری کیلئے اقدامات کیے گئے ہیں۔ وزارت اوور سیز پاکستان کے مطابق گزشتہ سال بیرون ملک بجھوائے جانے والے پاکستانی کارکنوں کی تعداد میں 5 فیصد اضافہ ریکارڈ ہوا ہے۔ سال 2025 ء میں مجموعی طور پر 7 لاکھ 62 ہزار 499 افراد بیورو آف امیگریشن کی سہولت کاری سے بیرون ِملک ملازمت کیلیے گئے۔اعلامیے کے مطابق سال 2025 ء میں بیرونِ ملک مقیم پاکستانی کارکنوں کی ترسیلاتِ زر میں 9 فیصد اضافہ ہوا اور ترسیلات زر 40 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں۔ وزارت سمندر پار پاکستانی کے مطابق سمندر پار پاکستانیوں کی جانب سے سال 2025 ء میں تقریباً 40 ارب ڈالر بجھوائے گئے، جس سے ملکی معیشت ، زرمبادلہ کے ذخائر کو فائدہ جبکہ اوورسیز پاکستانیوں کے بڑھتے کردار کی عکاسی ہوئی ہے۔وزارت ِسمندر پار پاکستانی نے 2025ء کے دوران اٹلی، بیلاروس اور عراق کے ساتھ لیبر موبلٹی معاہدوں پر دستخط کیے جبکہ دوست ممالک کے ساتھ معاہدوں سے پاکستانی افرادی قوت کیلئے باعزت روزگار، ورکر ویلفیئر اور محفوظ امیگریشن کی راہ ہموار ہوئی۔