• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اوور سیز پاکستانی قومی یکجہتی کو فروغ دیں، گورنر پنجاب

پیرس( رضا چوہدری / نمائندہ جنگ ) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے دورہ فرانس میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں پر زور دیا ہے کہ وہ ملک کے خلاف منفی پروپیگنڈے سے گریز کریں اور قومی یکجہتی کو فروغ دیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اللّٰہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور ہمیں سب سے پہلے اپنی پاک فوج کے لیے دعاگو رہنا چاہیے جو سرحدوں پر ہماری جان و مال کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت تیار رہتی ہے۔ گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ حکومتیں آتی جاتی رہتی ہیں، مگر پاک فوج ریاستِ پاکستان کی سلامتی کی ضامن ہے۔ انہوں نے قائدِ عوام ذوالفقار علی بھٹو شہید کی قومی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ بھٹو شہید نے پاکستان کے دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنانے کے لیے ایٹمی پروگرام کی بنیاد رکھی، جسے بعد ازاں میاں نواز شریف نے پایۂ تکمیل تک پہنچایا اور ایٹمی دھماکوں کے ذریعے پاکستان کو دنیا کی ایٹمی طاقت کے طور پر منوایا۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ آج پاکستان کا مضبوط اور محفوظ ہونا اسی تاریخی فیصلے کا ثمر ہے۔ سردار سلیم حیدر خان نے حال ہی میں مئی کے مہینے میں ہونے والی پاک بھارت جنگ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاک فوج نے دلیری اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ دشمن کا مقابلہ کیا، بھارت کو شکستِ فاش دی اور عالمی سطح پر پاکستان کا وقار مزید بلند کیا۔ قبل ازیں پیرس کے نواحی علاقے پیرفیت میں واقع “راول ہال” پہنچنے پر گورنر پنجاب کا پرتپاک استقبال کیا گیا اور انہیں پھولوں کے ہار پہنائے گئے۔ ان کے اعزاز میں شاندار عشائیہ دیا گیا، جس میں فرانس کی معروف سیاسی، سماجی اور کاروباری شخصیات نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس پروقار تقریب میں فرانس کی معروف سیاسی، سماجی اور مذہبی شخصیت روحی بانو صحافی سعدیہ فریاد سمیت اپنی خواتین ٹیم کے ہمراہ شریک ہوئیں۔

ملک بھر سے سے مزید