کراچی (این این آئی) ایئرپورٹ پر ایک مسافر سے 100تولہ سونے کی 10اینٹیں برآمد ہوئیں۔ حکام کے مطابق سونا اور غیر ملکی کرنسی دبئی اور استنبول جانے والے مسافروں سے برآمد ہوئی ۔ ایف بی آر کے مطابق پاکستان کسٹمز نے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی پر سونے کی اسمگلنگ کی 2 کوششیں ناکام بنا دیں، جس میں 100تولہ سونا اور 11ہزار 900امریکی ڈالر ضبط کرلیے گئے۔ جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر 2الگ کارروائیوں میں سونے کی 10 اینٹیں برآمد ہوئیں۔ حکام کے مطابق سونے کی اسمگلنگ کے دونوں مقدمات کی مجموعی مالیت 5 کروڑ 6 لاکھ 82 ہزار روپے ہے۔ کسٹمز ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرکے ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ ایف بی آر اسمگلنگ کے تدارک اور قومی محاصل کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے۔