وزراء کی آڈیو لیک، PTI کی سپریم کورٹ میں جوڈیشل کمیشن کیلئے درخواست دائر

October 02, 2022

اسلام آباد(نمائندہ جنگ)پاکستان تحریک انصاف نے پی ٹی آئی کے اراکین کے اجتماعی استعفوں سے متعلق وزراء کی آڈیو لیک کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن کی تشکیل کی درخواست سپریم کورٹ میں دائر کروا دی ہے،متفرق درخواست میں ارکان کے اجتماعی استعفوں سے متعلق وزراء کی گفتگو کی آڈیو کا متن بھی شامل ہے۔استعفوں سے متعلق زیر التوا ء مقدمہ میں پی ٹی آئی کی جانب سے دائر کی گئی ایک نئی متفرق درخواست میں اسپیکر قومی اسمبلیاور دیگر اراکین کو فریق بناتے ہوئے آڈیو لیکس کا متن بھی لف کیا گیا ہے۔ہفتہ کے روز دائر کی گئی متفرق درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزرا ء نے اسپیکر کے ساتھ مل کر پی ٹی آئی کے اراکین قومی اسمبلی کے استعفوں سے متعلق فوجداری سازش کی ہے ،درخواست گزار نے پی ٹی آئی استعفوں سے متعلق مبینہ آڈیو لیک سے متعلق وزیراعظم شہباز شریف ،وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ،وفاقی وزیر قانون وانصاف اعظم نذیر تارڑ، وزیر دفاع خواجہ آصف،وفاقی وزیر احسن اقبال، ایاز صادق سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف اورسیکرٹری قومی اسمبلی سے تحقیقات کے لیے انکوائری کمیشن تشکیل دینے کی استدعا کی ہے۔