سیلاب نے پاکستان کے ہر صوبہ کو متاثر کیا ہے، سجاد خان

October 02, 2022

اولڈہم (پ ر) پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما، امیدوار حلقہ این اے 60راولپنڈی سجاد خان نے کہا ہے کہ اگر اس وقت عالم اسلام نے سیلاب زدگان کی مدد نہ کی تو تاریخ معاف نہیں کرے گی۔ پاکستان اس وقت سیلاب کی تباہ کاریوں کی وجہ سے مکمل معاشی بدحالی کا شکار ہے،وہ بر منگھم، شفیلڈ، بریڈ فورڈ، مانچسٹر، راچڈیل اوراولڈہم میں پاکستان مسلم لیگ ن برطانیہ کی طرف سے دی گئی ضیافتوں میں اپنے خیالات کا اظہار کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ سیلاب سے پاکستان کے ہر صوبے میں نقصان ہوا ہے، کروڑوں لوگ متاثر ہیں اور لاکھوں گھر صفحہ ہستی سے مٹ گئے ہیں، اوورسیز پاکستانی اس مشکل گھڑی میں زیادہ سے زیادہ امداد پاکستان بھیجیں تاکہ متاثرین سیلاب کی مدد کی جا سکے۔ سجاد خان نے کہا کہ اس نازک صورتحال میں پاکستان کی تمام سیاسی جماعتوں کو سیاست چھوڑ کر سیلاب زدگان کی مدد کے لئے کمر کَس لینی چاہئے۔ انہوں نے برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کی سیلاب زدگان کی مدد اور اس ضمن میں ان کی فراخ دلی کو بھی سراہا اور خاص طور پر راجہ محمد اشتیاق، عظمت خان کامل پوری، راجا مقصود کاکڑوی، چوہدری عارف پنڈھیر اور ابرار خان نون کا شکریہ ادا کیا۔