ڈیتھ سرٹیفکیٹ میں ملکہ الزبتھ دوم کی وجہ موت بڑھاپا قرار

October 02, 2022

لندن (نیوز ڈیسک) 96 سالہ ملکہ برطانیہ الزبتھ دوم 8ستمبر کو طبیعت بگڑنے پر اسپتال میں داخل ہوئیں اور سہ پہر 3بج کر 10منٹ پر انتقال کرگئی تھیں تاہم اُس وقت ان کی موت کی وجہ نہیں بتائی گئی تھی جو اب ڈیتھ سرٹیفیکٹ کے ذریعے منظر عام پر آگئی ہے۔ اسکاٹ لینڈ کے نیشنل ریکارڈز ڈیتھ سرٹیفکیٹ کے مطابق ان کی موت کی وجہ بڑھاپے کو قرار دیا گیا ہے اور یہ بھی درج ہے کہ ملکہ برطانیہ مکمل صحت یاب اور کسی بھی بیماری میں مبتلا نہیں تھیں۔ ملکہ برطانیہ کا انتقال بالمورل کیسل اسٹیٹ میں3بج کر10منٹ پر ہوا یعنی انتقال کی خبریں آنے سے ساڑے تین گھنٹے پہلے ملکہ برطانیہ جہان فانی سے کوچ کر گئی تھیں۔ ڈیتھ سرٹیفکیٹ کی تفصیلات سے پتہ چلتا ہے کہ ملکہ برطانیہ کی موت کی رجسٹریشن کے لئے16 ستمبر کو ان کی اکلوتی بیٹی شہزادی این نے درخواست دی تھی اور وہی اپنی والدہ کے آخری لمحات میں ان کے ساتھ تھیں، عالمی خبر ساں ادارے کے مطابق برطانیہ میں شاہی خاندان کی روایات اور وقار کو مدنظر رکھتے ہوئے ملکہ برطانیہ کے انتقال کے روز ان کی موت کی وجہ ظاہر نہیں کی گئی تھی تاہم 19ستمبر کو تدفین کے بعد اب ڈیتھ سرٹیفکیٹ جاری کردیا گیا، جس میں ساری تفصیلات درج ہیں۔