سی ڈی اے کا پلاننگ، لینڈ ریونیو، بلڈنگ کنٹرول ریکارڈ ڈیجیٹلائز کرنے کا فیصلہ

October 02, 2022

اسلام آ باد ( رانا غلام قادرنیوز رپورٹر) سی ڈی اے انتظامیہ نے سپارکو کے تعاون سے پلاننگ ونگ ‘ لینڈ ریونیو ‘بلڈنگ کنٹرول اور ا نفر اسٹرکچر یوٹیلٹیزکے ریکارڈ کو ڈ یجیٹلائز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔یہ جی آئی ایس ڈیٹا بینک بنا نے کیلئے سی ڈی اے کے پلاننگ ونگ میں ایک سپیشل جیو ٹیکنا لوجی یونٹ قائم کیا جا ئے گا۔ اس یونٹ کیلئے ٹائون پلانرز اور آئی ٹی ماہرین بھرتی کئے جا ئیں گے ۔ یہ یونٹ پلاننگ ونگ کے تمام نقشوں وغیرہ کو ڈیجٹلائز کرے گا۔ سی ڈی اے نے اسلام آ باد میں75 ہزار ایکڑ اراضی ایکوائر کی ہوئی ہے لیکن ڈیجیٹل ڈیٹا نہ ہونے کی وجہ سے سی ڈی اے کو یہ علم نہیں ہے کہ کتنی اراضی پر نا جائز قبضے کئے گئے ہیں۔ ماضی میں لینڈ مافیا سی ڈی اے کے لینڈ ریکارڈ کو آٹومیشن پر لے جانے میں رکاوٹ بنا رہا جو جعل سازی سے فائلیں بنا کر پلاٹ الاٹ کرواتا ہے۔بی سی ایس ‘ سینی ٹیشن ‘ واٹر سپلائی ‘ ڈرینج اور سیوریج وغیرہ کا ریکارڈ بھی ڈیجٹل کیا جا ئے گا۔ تمام شعبوں کے عملہ کو ٹرینننگ بھی دی جا ئے گی۔ اس منصوبہ پر80کروڑ روپے لاگت آئے گی لیکن کھربوں روپے کی اراضی محفوط ہو جا ئے گی اورفراڈ اورجعل سازی کا خاتمہ ہوگا۔ ویب پورٹل بننے کے بعد شہریوں کو تمام ریکارڈ تک رسائی مل جا ئے گی جس سے شفافیت آ ئے گی۔ گزشتہ روز چیئر مین سی ڈی اے کیپٹن(ر) عثمان کی زیرصدارت اجلاس میں اس پراجیکٹ کو شروع کرنے کا گرین سگنل دیا گیا۔ ممبر پلاننگ وسیم حیات با جوہ اور سپارکو حکام نے بھی شرکت کی۔