ریسکیو 1122 کے زیراہتمام ڈاکٹروں کیلئے ہولی فیملی ہسپتال میں تربیتی کورس

October 02, 2022

راولپنڈی (سٹاف رپورٹر) ریسکیو1122 کے زیر اہتمام ایمرجنسی میڈیسن فائونڈیشن پروگرام کے تربیت یافتہ افراد کیلئے ہولی فیملی ہسپتال میں ایک روزہ تربیتی کورس کا انعقاد کیا گیا۔ ترجمان کے مطابق ای ایم ایف پی‘ رائل کالج آف ایمرجنسی میڈیسن برطانیہ اور راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی کے تعاون سے ایک سالہ سرٹیفکیٹ کورس ہے۔ یہ پروگرام ہسپتالوں کے ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ میں موجود ڈاکٹروں کی استعداد کار بڑھانے کا موقع فراہم کر رہا ہے۔ ریجنل ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122راولپنڈی ڈاکٹر عبدالرحمان نے مہمانوں کا استقبال کیا۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ کنٹرول روم، ایمرجنسی ایمبولنس و موٹر بائیک ایمبولنس اور ابتدائی طبی امداد فراہمی میں استعمال ہونیوالے آلات کا معائنہ کرایا گیا۔ ڈاکٹر عبدالرحمان نے لیکچر دیتے ہوئے دل کی دھڑکن کی مصنوعی طریقے سے بحالی اور زخمیوں کے بہتے خون کو ہنگامی طور پر روکنے کے طریقوں کو بیان کیا۔ اس موقع پر دل کی دھڑکن کی بحالی کی عملی مشق بھی کروائی گئی۔ یہ ایک روزہ تربیتی کورس پروفیسر محمد عمر وائس چانسلر راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی کی ہدایت پر منعقد کیا گیا۔ ڈاکٹر عثمان قریشی ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ ایمرجنسی میڈیسن، ہولی فیملی ہسپتال اور ای ایم ایف پی کے لیڈ ایجوکیشنل سپروائزر نے ریسکیو1122 کے ساتھ اسکے انعقاد کیلئے تعاون کیا۔ 10ٹرینی ڈاکٹروں نے یہ تربیت کامیابی سے مکمل کی اور سرٹیفکیٹ حاصل کئے۔ ریجنل ایمرجنسی آفیسر راولپنڈی نے کہا کہ مریضوں کی بہتر دیکھ بھال کیلئے ریسکیو1122 اور راولپنڈی میڈیکل یونیورسٹی کے درمیان تعاون کے حوالے سے نئے دور کا آغاز ہواہے۔