مدارس و علماء نے ہمیشہ انتظامیہ کیساتھ ہر معاملے میں تعاون کیا‘ جمعیت

October 02, 2022

کوئٹہ (آن لائن)جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کے سرپرست مولانا قاری مہر اللہ کے جامعہ تجوید القرآن سرکی روڈ پر گزشتہ روز غیر قانونی چھاپے کی ضلع بھر کے یونٹوں کے امراء ونظما اور کارکنوں نے مذمت کرتے ہوئے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ مدرسہ کی توہین کرنے والوں کو معطل کرکے انہیں امن و امان کی خرابی اور اشتعال انگیزی کی دفعات کے تحت سزا دی جائے۔ جمعیت علماء اسلام ضلع کوئٹہ کے امیر مولانا عبد الرحمٰن رفیق کی قیادت میں وفد نے جامعہ تجوید القرآن کادورہ کیا اور مدرسہ انتظامیہ اور مہتمم سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ مدارس اسلام اور پاکستان کے وہ تعلیمی مراکز ہیں جہاں امن و سکون اور بھٹکی ہوئی انسانیت کو راہ راست پر لانے کا قرآن وسنت پر مبنی درس دیا جاتا ہے۔ کوئٹہ کے مدارس اور علماء نے ہمیشہ انتظامیہ کے ساتھ ہر معاملے میں تعاون کیا ،اور ہر مشکل وقت میں امن و امان قائم رکھنے کے حوالے سے کردار ادا کیا،ان ہی مدارس ،علماء اور صالح لوگوں کی وجہ سے معاشرے سے نفرتوں کے اندھیرے چھٹ گئے پاکستان اور مدرسہ ایک ہی نام ہے آئین اور قانون کے تحت چلنے والے تعلیمی ادارے پر حملہ پاکستان پر ہی حملہ تصور کرتے ہیں۔