یورپی یونین اسرائیل کے نسل پرستانہ رویہ کا نوٹس لے، ایمنسٹی انٹرنیشنل

October 03, 2022

برسلز( حافظ اُنیب راشد ) ایمنسٹی انٹرنیشنل نے یورپین قیادت پر زور دیا ہے کہ وہ اسرائیلی لیڈرشپ کو فلسطینیوں کے خلاف نسل پرستانہ رویے کا ذمہ دار قرار دیکر ان سے باز پرس کریں۔ ایمنسٹی نے یہ مطالبہ برسلز میں منعقد ہونے والے ای یو-اسرائیل ایسوسی ایشن کونسل کے اجلاس کے تناظر میں کیا۔ ایمنسٹی نے کہا کہ اسرائیل کا رویہ فلسطینیوں کے ساتھ انتہائی ظالمانہ اور نسل پرستی پر مبنی ہے اور وہ ان پر نقل و حمل، تعلیم پر پابندی اور انکے گھروں پر قبضے اور انہیں علاقوں سے بے دخل کرنے جیسے ظالمانہ اقدامات کے ذریعے ظلم کے پہاڑ توڑ رہا ہے۔ اسرائیل کے یہ تمام اقدامات نسل پرستانہ ہیں جو انسانی حقوق کی شدید خلاف ورزیوں کے زمرے میں آتے ہیں۔ اس رویے پر اسرائیل کی قیادت کو اس ظلم کا باقاعدہ ذمہ دار ٹھہراتے ہوئے اس سے باز پرس کی جانی چاہیے۔ ایمنسٹی نے اس اجلاس کے حوالے سے یورپین ایکسٹرنل ایکشن سروس کے اس بیان کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا ʼ کہ مذاکرات میں شریک دونوں فریقین جمہوریت کی مشترکہ اثاث رکھتے ہیں۔ ایمنسٹی نے یاد دلایا کہ کچھ زیادہ عرصہ نہیں گزرا جب اسرائیل نے فلسطینیوں کے ساتھ کام کرنے والی انسانی حقوق کی کئی تنظیموں پر مبہم الزامات لگا کر ان پر پابندی عائد کردی ہے۔ اسرائیل کے اس رویے کو کیسے جائز اور جمہوری قرار دیا جا سکتا ہے؟ واضح رہے کہ یورپین یونین اور اسرائیل کے درمیان 14 سال کے طویل عرصے کے بعد یہ اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہو رہا ہے جس میں یورپ کی نمائندگی اس کے خارجہ امور کے سربراہ جوزپ بوریل اور اسرائیلی وفد کی قیادت اس کے وزیر اعظم کریں گے۔