استحکام پاکستان اورکشمیر کی آزادی ہر چیز پر مقدم ہے، پرویز محمود

October 03, 2022

نیو کاسل (پ ر) کشمیر پیس فورم انٹر نیشنل برطانیہ کے ایڈیشنل سیکرٹری جنرل ڈاکٹر پرویز محمود چوہدری نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کی آزادی ہمارا نصب العین ہے،کشمیر کی مکمل آزادی اور پاکستان کا مکمل استحکام ہمیں ہر چیز پر مقدم ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے دو چہرے ہیں، ایک کشمیریوں کے لیے اور دوسرا اقوام عالم کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے لیے ہے۔ کشمیر کوئی سرحدی تنازع نہیں، اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو ان کا حق دیا جائے، مسئلہ کشمیر کے اصل فریق کشمیری ہیں اور اقوام عالم میں سب سے زیادہ ظلم کشمیر کے اندر بھارتی افواج نے شروع کیا ہوا ہے، جس کا اقوام عالم کو نوٹس لینا چاہیے۔ ڈاکٹر پرویز محمود چوہدری نے کہا ہے کہ مسئلہ کشمیر اس وقت فیصلہ کن موڑ میں داخل ہوچکا ہے۔ لہٰذا ہم سب کو مل کر مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے اپنی کوششیں تیز کرنا ہوگی۔ کشمیر پیس فورم انٹر نیشنل برطانیہ مسئلہ کشمیر کو انٹر نیشنل فورمز پر اجاگر کرنے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔ ڈاکٹر پرویز محمود چوہدری نے کہا کشمیر پیس فورم کا بنیادی مقصد مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنا ہے۔انشاء اللہ کشمیر پیس فورم انٹر نیشنل کے صدر بیرسٹر کرامت حسین کی قیادت میں عالمی سطح پر مسئلہ کشمیر کاز کے لیے بھرپور جدوجہد کی جائے گی۔چوہدری ماجد اسماعیل نے کہا کہ ہم اس وقت تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے جب تک جموں و کشمیر کو بھارت سے آزادی مل نہیں جاتی، بھارت نے تین سال قبل جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرکے تنازع کشمیر کے ثبوت منانے کی کوشش کی ہے، اس بھارتی اقدام کا کوئی جواز نہیں، یہ کشمیریوں کی شناخت اور مقبوضہ کشمیر کی بین الاقوامی تسلیم شدہ خاص حیثیت ختم کرنے کی کوشش ہے لیکن کشمیریوں کے حوصلے بلند ہیں اور وہ اپنے حق خودارادیت سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت مقبوضہ کشمیر میں کوئی بھی محفوظ نہیں اور انسانی حقوق کے عالمی اداروں کو وہاں کو دسترس نہیں کسی کو معلوم نہیں وہاں اس وقت کشمیریوں پر کیا گزر رہی ہے، حتیٰ کہ انسانی حقوق کی تنظیموں اور بین الاقوامی صحافیوں کو بھی وہاں تک رسائی نہیں۔