خیبرپختونخوا، پیٹ کے کیڑوں کے خاتمے کی مہم نومبر میں منعقد ہوگی

October 03, 2022

پشاور (جنگ نیوز)ڈپٹی کمشنر پشاور شفیع اللہ کی ہدایات کی روشنی میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرریلیف اینڈ ہیومن رائٹس محمد عمران خان کی سربراہی میں خیبر پختونخوا ڈی وارمنگ پروگرام سال 2022 ءکے حوالے سے ڈسٹرکٹ مینجمنٹکمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں محکمہ تعلیم مردانہ / زنانہ ، محکمہ صحت، افغان رفیوجی کمشنریٹ، لوکل گورنمنٹ، پی ایس آر اے ، پرائیویٹ ایجوکیشن نیٹ ورک، محکمہ پولیس اور باقی شعبوںکے افسروں نے شرکت کی ۔سینئر ڈویژنل کوآرڈی نیٹر (ٹیکنیکل اسسٹنس پارٹنر) محمد یاسر نے شرکاء کو پروگرام کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئےکہا کہ خیبر پختونخوا میں پیٹ کے کیڑوں کے خاتمے کا ہفتہ 7 سے12نومبر تک منعقد ہوگا۔ پیٹ کے کیڑوں کے خاتمے کی مہم 22 اضلاع میں کی جا رہی ہے۔ پیٹ کے کیڑوں کی یہ دوائی ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان سے منظور شدہ ہے ۔ اس مہم میں 5سے 14سال تک کے بچوں کو پیٹ کے کیڑوں کی دوا دی جائے گی۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نے تمام محکموں کو ہدایات جاری کیں کہ اس پروگرام کو کامیاب بنانے کے لئے اپنے بھر پور تعاون کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ اپنے بچوں کو اس مہم کا حصہ بنائیں مفت اور محفوظ دوا کے ذریعے پیٹ کے کیڑوں سے نجات پائیں تاکہ انکا مستقبل روشن اور محفوظ ہو۔