پشاور، سرکاری اراضی پر تجاوزات قائم کرنے پر 9 افراد گرفتار

October 04, 2022

پشاور (وقائع نگار )صوبائی دارلحکومت پشاور میں ضلعی انتظامیہ نے کیپٹل میٹرو پولیٹن کے ہمراہ مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے گورنمنٹ کالج کے قریب تجاوزات کو ہٹاتے ہوئے 09 افراد کو گرفتار کر لیا۔تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر پشاور شفیع اللہ خان کو اطلاع موصول ہوئی تھی کہ گورنمنٹ کالج کے سامنے سرکاری اراضی پر راتوں رات تجاوزات قائم کی گئی ہیں جس پر انھوں نے فوری کارروائی کی ہدایت کی۔ اس حوالے سے اسسٹنٹ کمشنر راؤ ہاشم نے ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر تانیہ شاہین اور کیپٹل میٹرو پولیٹن کے چیف ڈیمالشنگ انسپکٹرقیصر باچا کے ہمراہ گورنمنٹ کالج کے سامنے سرکاری اراضی پر قائم غیر قانونی تعمیرات/ تجاوزات کے خلاف کارروائی کا آغاز کیا۔اس موقع پر کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچنے کے لیے پولیس کی بھاری نفری کو تعینات کیا گیا تھا۔آپریشن کے دوران سرکاری اراضی پر قائم غیر قانونی تعمیرات کو بھاری مشینری کی مدد سے مسمار کر تے ہوئے موقع سے 09 افراد کو گرفتار کر لیا گیا گرفتار افراد کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ڈپٹی کمشنر پشاور شفیع اللہ خان نے انتظامی افسران کو پشاور بھر میں سرکاری اراضی کا معائنہ کرنے کی ہدایت کی ہے اور سرکاری اراضی پر تجاوزات قائم کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کا حکم دیا ہے