بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی اسکولز و کالجز میں آگاہی مہم جاری

October 04, 2022

کوئٹہ(خ ن)ہمارے بچے ہمارا مستقبل ہیں ، بچوں کو ناقص خوراک کے نقصانات اور فوڈ سیفٹی سے متعلق آگاہی فراہم کرنے کیلئے بلوچستان فوڈاتھارٹی کی اسکولوں و کالجز میں آگاہی مہم بلا تعطل جاری ہے، اس سلسلے میں بی ایف اے حکام نےگورنمنٹ مڈل اسکول خلجی کالونی غوث آباد کوئٹہ کے طلباء و اساتذہ کو جدید تقاضوں کے مطابق صحت بخش خوراک کے تصور اور حصول بارے مکمل آگاہی دی ۔ بچوں کو بتایا گیا کہ تندرست و توانا رہنے کے لئے ضرور ہے کہ غذائیت سے بھرپور خوراک کو روزمرہ زندگی کا حصہ بنایا جائے ، کیونکہ مناسب و ملاوٹ سے پاک اشیاء خوردونوش کے استعمال سے ہم متعدد بیماریوں سے خود کو محفوظ رکھ سکتے ہیں ، صحت عامہ کی بہتری اور بیماری کی روک تھام میں خوراک کے کردارکو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا، اس ضمن میں نہ صرف خوراک کی مقدار بلکہ اس کا معیار بھی خاص توجہ کا حامل ہے۔ دوران آگاہی سیشن بی ایف اے حکام نےاساتذہ اور اسکول کے طلبہ کو بتایا کہ بازار میں کوئی بھی چیز خریدتے وقت ان کی تازگی و صحت بخش ہونے سے متعلق آگاہی ضروری حاصل کرنی چاہئے اور اس سلسلے میں کسی بھی شکایت کی صورت میں بلوچستان فوڈ اتھارٹی سے رجوع کریں تاکہ خوراک سے متعلق آپ کی شکایت پر ناقص کھانے پینے کی اشیاء تیار و فروخت کرنے والے عناصر کی بروقت حوصلہ شکنی کی جاسکے ۔