کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر) جمعیت علماء اسلام نظریاتی پاکستان کے مرکزی سکرٹری جنرل مفتی شفیع الدین اور دیگر علما و مشائخ نے کلی جہانگیر آباد قلعہ سیف اللہ میں سالانہ دستار فضلیت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ دینی مدارس ملک کے سرحدوں کے تحفظ کے ساتھ اغیار و اسلام دشمن قوتوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنانے والے ملک کے خیرخواہ ادارے ہیں ،مغربی قوتیں مسلمانوں اور اسلام کو بدنام کرنے کے لیے پروپیگنڈہ اور سازشیں کررہی ہیں ،مسلمانوں کی تہذیب اور ثقافت ہمیشہ ان کے نشانے پر رہی ہیں ،دینی مدارس نے ہر محاذ پر ان کو چیلنج کیا ہے انہوں نے کہا کہ تعلیم و تعلم ، جہاد ، دعوت و تبلیغ ،تصوف میں مدارس نے نمایاں خدمات انجام دیے ہیں ، سامراجی و استعماری قوتوں کی شکست ،دنیا بھر میں دعوت و تبلیغ ،اصلاح و تربیت اور اسلامی سیاست مدارس دینیہ کی مرہون منت ہے انہوں نے کہا کہ حکومت اپنی ناکام پالیسیوں کا ملبہ مدارس پر ڈال رہی ہے جبکہ مدارس نے آج تک اپنا بوجھ حکومت پر نہیں ڈالا ہے اور نہ کبھی حکومت سے امداد کا مطالبہ کیا ہے دینی مدارس نے لاکھوں بچوں کی کفالت اور تعلیم و تربیت کی ذمہ داری اٹھا رکھی ہے مدارس اسلامیہ کے علما نے ملک و معاشرہ کی اصلاح اور امن وامان کے بحالی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔