سیلاب متاثرین کیلئے پاکستانی ڈاکٹرز کی جانب سے فنڈریزنگ تقریب

October 05, 2022

ہیلی فیکس (زاہدانور مرزا) ہل کے مقامی حال میں پاکستان کے سیلاب متاثرین کے لیے پاکستانی ڈاکٹرز کی جانب سے فنڈریزنگ کا اہتمام کیا گیا، تقریب میں پاکستانی کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور سیلاب متاثرین کیلئے دل کھول کر عطیات دیئے اور سیلاب متاثرین کیلئے کثیر رقم جمع کی گئی، تقریب میں پاکستان کے معروف گلوکار ابرار الحق نے اپنے فن کا مظاہرہ کر کے حاضرین سے داد وصول کی ، جنگ سے گفتگو کرتے ہوئے ابرارالحق نے پاکستانی ڈاکٹرز اور کمیونٹی کا دل کھول کر عطیات دینے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان میں سیلاب سے متاثر ہونے والے لوگوں کے نقصان کو پورا کرنے کے لئے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہوگا جس کے لیے نوجوان نسل کا کردار بہت ضروری ہے ۔اس موقع پر ڈاکٹر عاصم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیلاب متاثرین کی مدد کرنا ہمارا قومی فریضہ ہے، انہوں نے کہا کہ دیار غیر میں رہنے والی پاکستانی کمیونٹی نے ہمیشہ اپنے وطن عزیز کے لئے مدد کی ہے۔ ڈاکٹر ایاز بٹ اور دیگر نے پاکستانی کمیونٹی کا عطیات دینے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں نے ہمیشہ پاکستان کی مشکل گھڑی میں ان کا ساتھ دیا ہے جو قابل تحسین ہے ۔تقریب میں سیلاب متاثرین کے لیے جمع ہونے والےعطیات سہارا ‏ٹرسٹ کے چیئرمین ابرارالحق کو چیک کی صورت میں پیش کیے گئے جس پر انہوں نے کمیونٹی کا شکریہ ادا کیا۔