بیوی بیزار افراد یوکرین کیخلاف لڑنے کیلئے رضاکار بن گئے

October 05, 2022

کیف (نیوز ڈیسک) روس کے علاقے وورکوتا کے میئر یارسلوف شاپوشنیکوف نے دعویٰ کیا ہے کہ یوکرین کیخلاف لڑنے کیلئے رجسٹریشن کرانے والے رضا کاروں کی 10؍ فیصد تعداد اپنی بیوی سے بیزار ہیں اور ان سے بچنے کیلئے ہی وہ خود کو یوکرین کیخلاف کارروائی کیلئے رجسٹر کرا رہے ہیں۔ ایک آن لائن مباحثے میں حصہ لیتے ہوئے کوئلے کی کان کنی کے حوالے سے مشہور علاقے وورکوتا کے میئر نے کہا کہ ایسے افراد کی بیگمات پر آسائش زندگیوں کی عادی بن چکی ہیں اور اسلئے ان کی خواہشات ختم نہیں ہوتیں، اسلئے روز روز کی چک چک سے بچنے کیلئے ان کے شوہر یوکرین کیخلاف لڑنے کیلئے رجسٹریشن کرا رہے ہیں۔ انہوں نے ایسے افراد کی بیگمات سے اپیل کی کہ وہ اپنے شوہر کی بھرپور حمایت کریں اور ان کی ٹھوس مدد کریں بجائے اس کے کہ ان پر ہر وقت تنقید کرتی رہیں۔ اس مباحثے کی ویڈیو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی اور وسیع پیمانے پر اسے میڈیا کوریج ملنے لگی۔ آن لائن ٹرولنگ اور تنقید ہونے پر روسی میئر نے جواباً کہا کہ ان کے الفاظ کو توڑ مروڑ کر پیش کیا گیا ہے۔