پاکستان کے ثقافتی ورثے کو محفوظ بنانے کیلئے تعاون کرینگے، فرانسیسی سفیر

October 05, 2022

لاہور(خصوصی رپورٹر)صوبائی وزیر بلدیات پنجاب میاں محمود الرشید نے کہا ہے کہ اپنے تاریخی ورثے کی حفاظت کرنا زندہ قوموں کی نشانی ہے۔ وہ شاہی قلعہ لاہور میں ایک تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے۔ تقریب میں والڈ سٹی لاہور اتھارٹی اور فرنچ ڈویلپمنٹ ایجنسی کے مابین شاہی قلعہ کی بحالی کے ایک بڑے منصوبے کے معاہدہ پر دستخط کیے گئے جو کہ ڈائریکٹر جنرل والڈ سٹی اتھارٹی کامران لاشاری اور ایف ڈی اے کے ڈائریکٹر مسٹر فلپس نے کیے۔ میاں محمود الرشید نے کہا کہ اس منصوبے سے عمران خان کے ویژن کے مطابق مقامی سیاحت کو فروغ ملے گا ۔ پاکستان میں فرانس کے سفیر مسٹر نکولس گیلے نے کہا کہ ہمارا ملک پاکستان کا ثقافتی ورثہ محفوظ بنانے کے لیے ہر ممکن تعاون کرے گا۔ قبل ازیں کامران لاشاری نے بتایا کہ اس منصوبے کے تحت لیڈی ولنگٹن ہسپتال سے لیکر بادامی باغ تک قلعے کے بیرونی حصے کی بحالی و بہتری کی جائے گی، قلعے کے اندر موجود عام انسانوں سے ڈیڑھ سو سال سے اوجھل مغل شہنشاہوں کا زیرزمین سمر پیلیس اصل حالت میں بحال کرکے عوام کے لیے کھول دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے سے مقامی لوگوں کے لیے بہترین بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے ساتھ ساتھ نئی معاشی، تجارتی اور سیاحتی سرگرمیوں کے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ منصوبے کے لیے 3 ارب 66 کروڑ روپے اے ایف ڈی جبکہ 37 کروڑ 40 لاکھ روپے محکمہ بلدیات پنجاب دے گا۔ ایڈیشنل سیکریٹری لوکل گورنمنٹ ماریہ طارق، آغا خان کلچرل سروسز کے سی ای او خواجہ توصیف اور ایف ڈی اے و متعلقہ محکموں کے افسران بھی تقریب میں موجود تھے۔