مختلف اوقات میں تین بھائیوں کو قتل کرنیوالے ملزم گرفتار

October 05, 2022

راولپنڈی(سٹاف رپورٹر) تھانہ پیرودھائی پولیس نے مختلف اوقات میں تین بھائیوں کوموت کے گھاٹ اتارنے اورایک کونشے کاعادی بناکر غائب کرانے والے ملزموں کوگرفتارکرلیا۔ پولیس کے مطابق 11سال میں 4حقیقی بھائیوں کو راستے سے ہٹانے والا مرکزی ملزم مقتول بھائیوں کی قیمتی جائیدادہتھیاناچاہتاتھا۔پولیس کے مطابق متاثرہ خاندان چھ بھائیوں پرمشتمل تھا جن میں سے چارکو راستے سے ہٹادیاگیا،ملزموں میں وارداتوں کا ماسٹر مائنڈ جاویداکرم، عمران اور عامر شامل ہیں، ماسٹر مائنڈ جاوید کاتعلق پشاورسے بتایاجاتاہے اور اسکی فیملی گزشتہ 30 سال سے زیادہ عرصہ سے مقتولین کے کرایہ دار تھے ۔ پہلے اس کاوالد مقتول بھائیوں کے منشی کے طورپرکام کرتاتھاجنہوں نے مسلم آبادمیں چھ سات کنال پرپارکنگ لاٹ بنارکھی تھی جہاں وہ گاڑیوں کی پارکنگ کی مدمیں پیسے لیتے ہیں۔ ملزم جاویدنے ان سے کرایہ پرگیراج لے رکھاتھا اوراس کے اوپروالے حصے پردرزی خانہ بنایاہواتھا ۔ پولیس کے مطابق پہلے 18 جولائی کو ملک ساجد یاسین اور اور 27 ستمبر کواس کے بھائی ملک ماجد یاسین کو فائرنگ کرکے قتل کیا گیا،ماجد اپنے مقتول بھائی ساجد کے قتل کیس کا مدعی تھا اوروہی کیس کی پیروی کررہاتھا ۔ ذرائع کے مطابق ملزم عمران نے فائرنگ کرکے ماجدکوقتل کیا جسے پولیس نے ڈرامائی اندازمیں گرفتارکرلیا جس نے دوران تفتیش قتل کے محرکات بارے پولیس کوآگاہ کیا جس سے تفتیش کی روشنی میں ایس ایچ اوپیرودھائی راجی اعزازعظیم اوران کی ٹیم ماسٹرمائنڈ جاویداکرم تک پہنچی جسے شامل تفتیش کیاگیا تواس نےہولناک انکشافات کیے، پولیس کاکہناہے کہ 34سالہ جاوید کی کرائم ہسٹری چیک کی گئی تو پتا چلاکہ اس نے 2011 میں پیرودہائی کے علاقہ میں 17سالہ لڑکے کو اغواء کرکے تاوان وصول کیا اوربعدازاں مغوی لڑکے کوقتل کردیا ۔اس کیس میں پولیس نے اسے گرفتارکرکے چالان کیا اورعدالت سے اسے 3مرتبہ سزائے موت سنائی گئی جو بعدمیں اپیل پردس سال سزامیں تبدیل کردی گئی۔ وہ سزاکاٹ کر باہرآیا اور 2020 میں اس نے مقتولین کے سب سے بڑے بھائی ملک ارشدکو اسلام آباد میں قتل کروا کر واقعہ کو حادثہ کارنگ دے دیا ۔ماسٹر مائنڈجاوید نے مقتول کے ایک اور بھائی ملک واجد کو بھی نشہ کی لت میں مبتلاکر کے غائب کروا دیا،جو2005سے لاپتہ ہے ۔ پولیس کے مطابق جاوید نے عامرکے ذریعے ملک ساجدکوقتل کروایا اس طرح وہ اب تک چھ میں سے چاربھائیوں کوٹھکانے لگاچکاتھا ۔ملزم نے انکشاف کیا کہ ایک ہی خاندان کے چارافراد کو راستے سے ہٹانے کے پیچھے کروڑوں کی جائیدا د کا لالچ تھا، اگر وہ گرفتا رنہ ہوتا تو ایک ایک کرکے دیگر بھائیوں کو بھیختم کر دیتا، پولیس کے مطابق ملزمان کو شناخت پریڈ کے لیے جیل بھجوادیا گیا ہے ،اندوہناک واقعہ میں ملوث ملزمان کو قرار واقعی سزادلوانے کے لیے تمام قانونی تقاضے پورے کیے جائیں گے۔