علی سیٹھی، شائی گل اور لیو ٹوئنز کی لندن میں ہزاروں جنوبی ایشیائی شائقین کیلئے پرفارمنس

October 06, 2022

لندن (مرتضیٰ علی شاہ) گلوکار علی سیٹھی، سنسنی خیز ابھرتی ہوئی اسٹار شائی گل اور متحرک جوڑی لیو ٹوئنز نے لندن او2انڈیگو میں ہزاروں جنوبی ایشیائی شائقین کے لئے پرفارم کیا۔ پاکستان کے مشہور ساز لیو ٹوئنز (شارون لیو اور ہارون لیو) نے جیو نیوز کے ساتھ باضابطہ میڈیا پارٹنر کے طور پر منظم انداز میں پروگرام پیش کیا۔ یہ پہلا پاکستانی میوزک کنسرٹ تھا، جس میں زیادہ تر سامعین پہلی منزل پر پنڈال کے اندر کھڑے ہو کر رقص کررہے تھے جو کہ علی سیٹھی اور شائی گل کے ساتھ اس وقت جھوم اٹھے، جب انہوں نے کوک اسٹوڈیو کے وائرل ہونے والے گانے پسوڑی کے تین مختلف ورژن پیش کئے۔ بالائی ہال میں پوری گنجائش کے ساتھ بیٹھنے کا انتظام تھا جبکہ گراؤنڈ فلور ہزاروں کی تعداد میں نوجوانوں سے بھرا ہوا تھا، جس میں ہندوستانی اور پاکستانی طلباء اور پیشہ ور افراد شامل تھے۔ یہ کنسرٹ تین گھنٹے تک جاری رہا اور اس میں شائی گل کی ابتدائی سولو پرفارمنس، لیو ٹوئنز کے آلات کے سیٹ، علی سیٹھی کی سولو پرفارمنس اور پھر علی سیٹھی اور شائی گل کی زبردست مشترکہ پرفارمنس نے لوگوں کو سحر میں مبتلا کردیا۔ تمام فنکاروں نے کبھی کبھار آڈیو کی خرابی کے باوجود اپنی بہترین صلاحیتوں کے مطابق پرفارم کیا لیکن اس میں کوئی شک نہیں کہ زیادہ تر پرجوش ہجوم نے پسوڑی پر دھوم مچانے کے لئے کنسرٹ کے ٹکٹ خریدے تھے۔ یہ گانا جو عالمی سطح مقبول ہوگیا ہے اور یہ پاکستان کی سب سے بڑی ہٹ فلموں میں سے ایک میں شامل ہے۔ اس گانے کو اب تک 400 ملین سے زیادہ لوگ دیکھ چکے ہیں، جسے ہندوستان اور دیگر جگہوں سے زبردست پذیرائی مل رہی ہے۔ ہجوم نے علی سیٹھی کے ساتھ اور شائی گل کے کور گانے گائے لیکن یہ پسوڑی کی دلکش تھاپ تھی، جس نے ہجوم کو بے چین کر دیا۔ کنسرٹ کے بعد جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے علی سیٹھی نے کہا کہ لندن کی جنوبی ایشیائی کمیونٹی ایک منفرد توانائی رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں ہمیشہ پرجوش جنوبی ایشیائی کمیونٹی کے سامنے پرفارم کرنا پسند کرتا ہوں۔ میں یہ ضرور کہوں گا کہ پنجابیوں کی توانائی دنیا میں کہیں بھی نہیں ملتی۔ ہجوم شاندار شائی گل سے مل کر بہت خوش تھا۔ علی سیٹھی نے کہا کہ پسوڑی کی عالمی کامیابی کا سہرا غیر معمولی چائلڈ عبداللہ صدیقی کو جاتا ہے کہ انہوں نے گانے میں موسیقی کی عالمی زبان لانے اور جنریشن Z کے آؤٹ لک کی عکاسی کی۔ مجموعی انتظامات کے لئے ذوالفقار جبار خان اور شائی گل مبارک باد کے لائق ہیں۔ موسیقار نے کہا کہ شائی گل انگریزی، سندھی، پنجابی اور اردو میں ’’100 فیصد اعتماد اور جوش کے ساتھ‘‘ گانے کا منفرد ہنر رکھتی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں پاکستانیوں کی نئی نسل کو اس طرح اپنی صلاحیتوں کا اظہار کرتے ہوئے دیکھ کر بہت خوش ہوں۔ یہ بچے اچھے لوگ ہیں۔ وہ ایک دوسرے کا خیال رکھتے ہیں۔ یہ 23 سالہ شائی گل کی پاکستان سے باہر پہلی پرفارمنس تھی۔ میں گھبرا گئی تھی لیکن ہجوم حیرت انگیز تھا، مجھے ہمیشہ یقین تھا کہ یہ گانا ہٹ ہو جائے گا لیکن مجھے نہیں معلوم تھا کہ مجھے اتنا پیار ملے گا۔ تاثرات حیرت انگیز رہے ہیں۔ گانے کی کامیابی بہت زیادہ دباؤ لائی ہے اور میں اس سے نمٹنے کی کوشش کر رہی ہوں۔ میں مزید اوریجنل گائوں گی کیونکہ اصل جیسی کوئی چیز نہیں ہے۔ لیو ٹوئنز نے جیو نیوز کو بتایا کہ ہم اپنے سامعین کے لئے کچھ لانا چاہتے تھے جو پہلے کبھی نہیں کیا گیا تھا اور جب ہم نے پسوڑی کی کامیابی کے بعد علی سیٹھی اور شائی گل کو ان کے پہلے کنسرٹ کے لئے لندن لانے کا سوچا۔ ہم ساز اور میوزک پروڈیوسر کے طور پر جانے جاتے ہیں لیکن اس بار ہم کچھ نیا کرنا چاہتے تھے۔ اپنے مداحوں سے ملنے کا اپنا کنسرٹ بنانے سے بہتر اور کیا طریقہ ہے؟ ہارون لیو اور شارون لیو برادران نے کہا کہ ہمارے ذہن میں جو کچھ تھا، اسے تیار کرنے اور اس پر عمل کرنے میں ہمیں مہینوں لگے۔ شو کو تیار کرنے کے پس پشت تصور صرف سامعین کو ایک میوزیکل شام دینا نہیں تھا بلکہ انہیں ایک ناقابل فراموش تجربہ فراہم کرنا تھا۔ برطانیہ بھر کے تمام مداحوں کی محبت کا شکریہ کہ ہمارا شو فروخت ہو گیا۔