آٹا 110 سے 120 روپے میں فروخت، سستے آٹے کے اسٹال تاحال نہ لگائے جاسکے، شہری مہنگا آٹا خریدنے پر مجبور

November 13, 2022

ٹنڈوآدم ( نامہ نگار) حکومت کی جانب سے اعلان کے باوجود ٹنڈوآدم میں سستے آٹے کے اسٹال نہیں لگائے جا سکے سندھ حکومت کیجانب سے ڈیڑھ ماہ کا عرصہ گزر جانے کے باوجود فی کلو آٹا 65روپے میں نہ مل سکا تاہم سستے آٹا کا ایک اسٹال لگا کر فوٹو سیشن کے بعد منظر سے غائب ہو گئے جبکہ گورنمنٹ کی جانب سے فلورز ملز اور آٹا چکی مالکان کو گورنمنٹ کی جانب سے کوٹہ مسلسل فراہم کیا جا رہا ہے جبکہ اسٹال منظر سے غائب ہیں ٹنڈوآدم میں انتظامیہ اور فلورز ملز مالکان کی مبینہ ملی بھگت سے آٹا 110سے 120روپے کلو فروخت کیا جارہا ہے جبکہ دکانداروں کی جانب سے پانچ کلو آٹے کا تھیلہ 560سے 580روپے تک فروخت کیا جارہا ہے، شہریوں نے کہاکہ سندھ گورنمنٹ کی جانب سے مقرر کردہ نرخ پر آٹا کہیں نہیں دیا جا رہا جبکہ سندھ حکومت کی جانب جاری کردہ نوٹیفکیشن کو فلور ملزاور دکانداروں نے ہوا میں اڑادیا ہے، دکانداروں سےحکومت کے مقرر کردہ نرخوں پر آٹا طلب کیا جائے تو گورنمنٹ دفاتر سے رجوع کرنے کا کہا جاتا ہے لہذا عوام نے سندھ حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اپنے ہی مقرر کردہ نرخوں پر فل الفور عمل درآمد کروائے۔