سات اضلاع کے چھوٹے آبادگاروں میں گندم کا بیج مفت تقسیم کیا جائیگا

November 13, 2022

ٹنڈوجام (نا مہ نگار) ترکی، سندھ زرعی یونیورسٹی ٹنڈوجام اور زرعی توسیع سندھ کے مشترکہ تعاون سے سندھ کے سات اضلاع کے 675 چھوٹے کسانوں میں گندم کا مفت بیج تقسیم کرے گا، اس ضمن میں سندھ زرعی یونیورسٹی ٹنڈوجام کے سینٹ ہال میں ترکی کے سیاحت اور ثقافت کی وزرات کے تحت ترکش کوآپریشن اینڈ کوآرڈینیشن ایجنسی(ٹیکا) کی جانب سے کراچی میں پروگرام کوآرڈینیٹر خلیل ابراہیم بساران، سندھ زرعی یونیورسٹی ٹنڈوجام کے وائس چانسلر ڈاکٹر فتح مری کے درمیان معاہدے پر دستخط کئے گئے، جب کہ سندھ حکومت کے شعبہ زرعی توسیع کے ڈاکٹر اسلام الدین راجپوت نے فریق کے طور پر شامل ہوئے، اس ضمن میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر ڈاکٹر فتح مری نے کہا کہ ہم ترکی حکومت کے مشکور ہیں کہ جنہوں نے مشکل حالات میں سندھ کے سیلاب متاثر کسانوں کی مدد کی ہے، اور سندھ کے 10 ایکڑ تک کے غریب کسانوں کو دو ایکڑ کے لئے گندم کا بیج مفت فراہم کیا جارہا ہے، جب کہ سندھ زرعی یونیورسٹی ٹنڈوجام اور زرعی توسیع سندھ ان کی معاونت بھی کریں گے، ٹیکا کے پروگرام کوآرڈینیٹر حلیل ابراہیم بصران نے کہا کہ پاکستان اور ترکی میں برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لئے سندھ کے کسانوں کو مفت بیج فراہم کیا جا رہا ہے، اور سندھ سمیت پاکستان میں مختلف فلاحی، تدریسی اور سماجی پروگرامز پر بھی کام جاری ہے، جب کہ سندھ کے غریب کسانوں کے لئے صحتمند خوراک کے لئے بیکری بھی قائم کر رہے ہیں، ڈئریکٹر یونیورسٹی ایڈوانسمینٹ اینڈ فنانشل اسسٹنس ڈاکٹر محمد اسماعیل کمبھر نے معاھدے کے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ اس معاھدے کے تحت سندھ کے سات اضلاع کی تحصیلوں کوٹ ڈجی، میہڑ، سکرنڈ، نیو سعیدآباد، شہدادپور، ٹنڈوباگو اور پتھورو کے لئے ہر تحصیل کے 75 کسانوں سمیت 675 کسانوں میں دو ایکڑ کا بیج تقسیم ہوگا، جوکہ اسی ہفتے سے شروع کیا جا رہا ہے، تقسیم کی خدمات سندھ زرعی یونیورسٹی ٹنڈوجام اور زرعی توسیعی محکمہ اپنی ٹیم اور یونیورسٹی کے طلبہ کے ذریعے انجام دی جائیں گی، اور تینوں ادارے گندم کے بوائی سے لے کر کٹائی تک کی نگرانی کریں گے اور کسانوں کی معاونت کریں گے، اس موقع پر ڈین ڈاکٹر اعجاز علی کھونھارو، ڈین ڈاکٹر عنایت اللہ راجپر، ڈین ڈاکٹر الطاف علی سیال، ڈین ڈاکٹر سید غیاث الدین شاہ راشدی ، ڈین ڈاکٹر منطور علی ابڑو، ڈاکٹر ظہور حسین سومرو، ڈاکٹر مجاھد حسین لغاری، ڈاکٹر شاہنواز مری، ڈاکٹر اعجاز سومرو، ڈائریکٹر فارمز جکہرو ممتاز احمد، ٹیکا کی پروگرام افسر مس فاطمہ اور دیگر بھی موجود تھے۔