ڈرگ کنٹرول اتھارٹی کے چھاپے‘ بھاری مقدار جعلی ادویات برآمد

November 25, 2022

راولپنڈی (اپنے رپورٹر سے) ڈرگ کنٹرول اتھارٹی نے راولپنڈی اور پشاور میں چھاپے مار کر بھاری مقدار میں زندگی موت کی کشمکش میں مبتلا مریضوں کو بے ہوش کرنیوالی جعلی دوائوں کی بھاری مقدار پکڑ کے کئی فیکٹریاں سیل کردیں۔ جانوروں کی غیر قانونی ادویات تیاری پر فیکٹری سیل کر دی گئی۔ جعلی Restane اور Halothene کی سپلائی کی اطلاعات پر ڈرگ کنٹرولر ملک ارشد کی سربراہی میں ٹیم نے بوہڑ بازار نوید انٹرپرائزز‘ کالج روڈ پاک سرجیکل‘ مریم ہسپتال پر چھاپے مارے۔ ایک شخص دانیال کو گرفتار کر لیا گیا۔ افغان ملزم آئس سمیت دیگر نشہ آور ڈرگز سپلائی کرتا ہے۔ ڈرگ کنٹرولر ملک ارشد کی سربراہی میں خصوصی ٹیم میں ڈرگ انسپکٹرز ٹیکسلا‘ گوجر خان اور مری شامل تھے۔ راولپنڈی میں ڈپٹی ڈرگ کنٹرولر نوید انور پوٹھوہار ٹائون اور مصباح نورین ڈپٹی ڈرگ کنٹرولر کلر سیداں نے پشاور روڈ راولپنڈی میں نجی ہسپتال کی فارمیسی پر چھاپہ مار کر غیر رجسڑڈ انیس تھیزیا میں استعمال ہونیوالی کراچی کی غیر رجسٹرڈ دوائی کا سٹاک پکڑ لیا۔ مریم ہسپتال کے میڈیسن ویئر ہائوس کو لائسنس نہ ہونے پر سربمہر کر دیا۔ ڈرگ انسپکٹر نوید انور نے روات سے جعلی ادویات قبضے میں لیکر فیکٹری کو سربمہر کردیا۔ واضح رہے کہ Restane اور Halothene ایک حساس دوا ہے جو آپریشن تھیٹر میں اس وقت استعمال ہوتی ہے جب مریض زندگی اور موت کی کشمکش میں ڈاکٹروں اور ادویات کے رحم و کرم پر ہوتا ہے۔