لیجنڈری فنکار اسماعیل تارا کے انتقال پر عدنان سمیع بھی افسردہ

November 25, 2022

پاکستانی نژاد بھارتی گلوکار عدنان سمیع خان نے اسٹیج اور ٹی وی کے نامور فنکار اسماعیل تارا کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے ان کے مشہور زمانہ شو 50-50 سے ماضی کی کچھ جھلکیاں شیئر کردیں۔

مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کرتے ہوئے عدنان سمیع خان نے لکھا کہ ’اسماعیل تارا صاحب، یقین نہیں آرہا کہ وہ انتقال کر گئے ہیں۔ وہ ایک ماہر کامیڈین تھے۔ ہم ان کے ہمیشہ شکر گزار رہیں گے کہ انہوں نے اپنے مزاح کے ذریعے ہماری زندگی کو خوشگوار بنایا۔

انہوں نے مرحوم اسماعیل تارا کے انتقال پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے ان کے لیے جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام کی دعا کی۔

یاد رہے کہ اسماعیل تارا گزشتہ روز 73 برس کی عمر میں کراچی میں انتقال کرگئے تھے۔ اہلِ خانہ کے مطابق لیجنڈری اداکار 3 روز سے کراچی کے نجی اسپتال میں زیر علاج تھے۔