پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ اشنا شاہ نے روانی سے پنجابی بول کر مداحوں کو حیران کر دیا۔
اشنا شاہ نے حال ہی میں ایک پوڈ کاسٹ میں بطور مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے پورا انٹرویو پنجابی زبان میں دیا۔
اُنہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پنجابی لوگ اپنی مادری زبان پر فخر نہیں کرتے اور پنجابی بولنے میں شرمندگی محسوس کرتے ہیں۔
اداکارہ نے کہا کہ میں نے پنجابی بولنا کینیڈا میں سکھ برادری سے سیکھی کیونکہ میری والدہ گھر میں میرے ساتھ پنجابی نہیں بولتی تھیں اور جب میں کراچی آئی تو یہاں پر مختلف رنگ و نسل کے لوگوں سے میری دوستی ہوئی اور میں نے یہ نوٹ کیا کہ وہ گھر سے باہر بھلے انگریزی یا اردو میں بات کرتے ہوں لیکن گھر میں اپنی مادری زبان ہی بولتے ہیں۔
اُنہوں نے مزید کہا کہ ہم پنجابیوں کو پتہ نہیں کیوں اپنی مادری زبان بولتے ہوئے ڈر لگتا ہے حالانکہ پنجابی زبان بہت خوبصورت ہے، پنجابی موسیقی اور ثقافت بے مثال ہے لیکن ہم پتہ نہیں کیوں اپنی پہچان سے دور بھاگتے ہیں۔
اداکارہ کو پوڈکاسٹ میں روانی سے پنجابی بولتے سن کر مداح حیران ہوگئے اور ان کے اپنی مادری زبان کو اہمیت دینے پر خوب تعریفیں بھی کرتے نظر آ رہے ہیں۔